حکومت میوزک انڈسٹری کی خراب صورتحال کا نوٹس لیکر ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے ‘ حمیرا ارشد

شوبز ہو یا کوئی اور شعبہ جہاں بھی لوگ ایمانداری سے کام کرتے ہیں وہ کبھی ناکام نہیں ہوتے ‘ گلوکارہ کی گفتگو

اتوار 22 مارچ 2015 11:33

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22مارچ۔2015ء)نامور گلوکارہ حمیرا ارشد نے کہا ہے کہ گزشتہ کئی سالوں سے میوزک انڈسٹری برے حالات سے گزر رہی ہے ،حکومت میوزک انڈسٹری کی خراب صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے ۔

(جاری ہے)

ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ میوزک کے شعبہ سے تعلق رکھنے والے فنکار خاص طور سے پریشان ہیں ،سب سے زیادہ نقصان غیر قانونی کام کرنے والوں نے اس انڈسٹری کو پہنچایا ہے۔

جس کی وجہ سے میوزک البم ریلیز کرنے والے اداروں کو بھی مالی نقصان اٹھانا پڑا ، فنکاروں کو ان کا حق نہیں مل پارہا حکومت اس خراب صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لے۔ ایک سوال کے جواب میں حمیرا ارشد نے کہا کہ شوبز ہو یا کوئی اور شعبہ جہاں بھی لوگ ایمانداری سے کام کرتے ہیں وہ کبھی ناکام نہیں ہوتے بلکہ کا میابی ہمیشہ ان کے قدم چومتی ہے۔