علیم ڈار سیمی فائنل میچوں کیلئے نظر انداز

اتوار 22 مارچ 2015 12:38

علیم ڈار سیمی فائنل میچوں کیلئے نظر انداز

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22مارچ۔2015ء)پاکستان کے نامور کرکٹ ایمپائر علیم ڈار کو حیران کن طور پر ورلڈ کپ کے سیمی فائنل مقابلوں میں نظر انداز کر دیا گیا۔ اپنی اعلی ایمپائرنگ کی وجہ سے مشہور علیم 2007 اور 2011 کے ورلڈ کپ سیمی فائنل اور فائنل میچوں میں ذمہ داریاں ادا کر چکےہیں۔ آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان باربیڈوس میں کھیلے گئے 2007 فائنل میں علیم کے ساتھ ویسٹ انڈیز کے سٹیو بکنر آن فیلڈ جبکہ جنوبی افریقہ کے روڈی کرٹزن ٹی وی ری پلے ایمپائر تھے۔

اسی طرح، ممبئی میں انڈیا اور سری لنکا کے درمیان 2011 ورلڈ کپ فائنل میں علیم اور آسٹریلیا کے سائمن ٹوفل آن فیلڈ نے ذمہ داریاں ادا کی تھیں۔ خیال رہے کہ آئی سی سی عام طور پر میگا اوینٹ کے فائنل میچ کیلئے سیمی فائنل مقابلوں میں ایمپائرنگ کرنے والوں میں سے انتخاب کرتی ہے اور 2007 اور 2011 میں فائنل سپروائز کرنے والے ایمپائر سیمی فائنل مقابلوں میں ذمہ داریاں ادا کر چکے تھے۔

(جاری ہے)

ماضی کو سامنے رکھتے ہوئے یہ عین ممکن ہے کہ اس مرتبہ بھی 29 مارچ کو میلبورن میں فائنل کیلئے سیمی فائنل مقابلوں کے ایمپائروں میں سے انتخاب کیا جائے گا۔ جمعرات کو سڈنی میں آسٹریلیا-انڈیا سیمی فائنل کیلئے آن فیلڈ ایمپائرز کے طور پر انگلینڈ کے رچرڈ کیٹل بورو اور سری لنکن کمار دھرما سینا کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے۔ آئی سی سی کی میڈیا ریلیز میں بتایا گیا کہ جنوبی افریقہ- نیوزی لینڈ سیمی فائنل میں انگلینڈ کے سابق وکٹ کیپر آئن گوئلڈ اور آسٹریلین راڈ ٹکر آن فیلڈ ایمپائرنگ کے فرائض سر انجام دیں گے۔ آئی سی سی کا کہنا ہے کہ فائنل میچ کیلئے ایمپائروں کے ناموں کا اعلان سڈنی میچ کے بعد کیا جائے گا۔