کراچی میں پولیس کی کارروائیاں، 5دہشت گردہلاک

اتوار 22 مارچ 2015 13:36

کراچی میں پولیس کی کارروائیاں، 5دہشت گردہلاک

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22مارچ۔2015ء) کراچی پولیس نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں تیزکردیں ۔رات بھرشہر کے مختلف علاقوں میں چھاپوں اورسرچ آپریشنز کے دوران کالعدم تنظیموں کے 5 دہشت گرد مارے گئے،بارود بنانے کا کارخانہ بھی پکڑا گیاجبکہ غیر ملکیوں سمیت 24 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔انچارج سی ٹی ڈی مظہرمشوانی کے مطابق کالعدم تحریک طالبان کےدہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پراورنگی ٹاؤن کے علاقے طوری بنگش کالونی میں کارروائی کی گئی ،اس دوران دہشت گردوں سے فائرنگ کےتبادلے میں2 دہشت گرد مارے گئے، جن کی شناخت کامران اورزبیر کے نام سے ہوئی ہے۔

ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور بڑی مقدار میں بارودی مواد برآمد ہوا ہے ۔ مظہرمشوانی نے انکشاف کیا کہ ملزمان نے بارودی مواد بنانے کا کارخانہ لگا رکھا تھا۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے منگھوپیرکے علاقےغازی گوٹھ میں مبینہ مقابلے میں کالعدم تنظیم کے 3دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا۔ملزمان کے دو ساتھی اندھیرے کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے ۔

ادھراورنگی ٹاؤن پولیس نے مشتبہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پرمومن آباد میں فرید پہاڑی نامی علاقے میں کارروائی کرکے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنےوالے دو دہشت گردوں سمیت 10 افراد کو گرفتار کرلیا۔ اس کے علاوہ سائٹ کے مختلف علاقوں ہارون آباد ،پرانا گولیمار،پٹھان کالونی اورپاک کالونی میں پولیس نے آپریشن کرکےغیرملکیوں سمیت کئی افراد کوحراست میں لے کراسلحہ برآمد کرلیا ۔رات گئے بلدیہ ٹاؤن کےعلاقوں اتحاد ٹاؤن اورمدینہ کالونی میں سرچ آپریشن کیے گئے ۔ ایس پی بلدیہ ٹاؤن اعجاز ہاشمی کے مطابق پولیس نے کارروائی کرکے کئی غیرملکیوں سمیت24افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

متعلقہ عنوان :