پنجاب حکومت نے محکمہ تعلیم کو سکولوں میں 44لاکھ بچے اور بچیوں کو داخل کرانے کا ہدف دیدیا

محکمے نے استعداد کار نہ ہونے پر کھاتہ پوراکرنے کیلئے رجسٹرڈ نجی ،الحاق شدہ اسکولوں اورمدرسہ اسکولوں کو بھی گنتی کو پوراکرنے کیلئے شامل کرلیا سرکاری اسکولوں میں ہدف کا 30فیصد ، نجی رجسٹرڈ اور الحاق شدہ اسکولوں میں 60فیصد مدرسہ اسکولوں میں 10 فیصد پورا ہوگا

اتوار 22 مارچ 2015 16:59

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22مارچ۔2015ء ) پنجاب حکومت نے محکمہ تعلیم کو سکولوں میں 44لاکھ بچے اور بچیوں کو داخل کرانے کا ہدف دیدیا جس کے تناظر میں یکم اپریل سے باقاعدہ داخلہ مہم شروع کی جائے گی،محکمے نے استعداد کار نہ ہونے پر کھاتہ پوراکرنے کے لیے تمام نجی رجسٹرڈ اور الحاق شدہ اسکولوں کے علاوہ مدرسہ اسکولوں کو بھی اس گنتی کو پوراکرنے کے لیے شامل کرلیا ۔

”ایجوکیشن فارآل پروگرام “کے تحت پنجاب بھر کے 57ہزار سرکاری سکولوں میں نئے تعلیمی سال مجموعی طور پر جماعت اول تا نویں جماعتوں تک 44لاکھ بچوں اور بچیوں کو داخل کیاجائے گا۔ اس ضمن میں محکمہ تعلیم کے پاس استعداد کار نہ ہونے پر اتنی بڑی تعداد کو سرکاری اسکولوں میں کھپانا ناممکن ہے تاہم کھاتہ پوراکرنے کے لیے محکمہ نے تمام نجی رجسٹرڈ اور الحاق شدہ اسکولوں کے علاوہ مدرسہ اسکولوں کو بھی اس گنتی کو پوراکرنے کے لیے شامل کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

اس تناظر میں سرکاری اسکولوں میں ہدف کا 30فیصد ، نجی رجسٹرڈ اور الحاق شدہ اسکولوں میں 60فیصد جبکہ مدرسہ اسکولوں میں 10 فیصد پورا ہوگا۔محکمہ تعلیم کے حکام کی جانب سے سرکاری اسکولوں کو داخلہ مہم کے حوالے سے تحریری احکامات جاری کردیئے گئے ہیں تاہم باقاعدہ آغاز نئے تعلیمی سیشن یکم اپریل سے کیاجائے گا۔

متعلقہ عنوان :