صولت مرزا کا وڈیو پیغام تو محض ایک ٹریلر تھا،اصل فلم توابھی چلنے والی ہے،محمد جمیل

اتوار 22 مارچ 2015 17:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22مارچ۔2015ء) پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدر محمد جمیل نے کہا ہے کہ پھانسی کے منتظر ایم کیو ایم کے کارکن صولت مرزا کا وڈیو پیغام تو محض ایک ٹریلر تھا،اصل فلم توابھی چلنے والی ہے،یہاں ایک بیان میں انہوں نے کہا رینجرز کے زیر تفتیش ایم کیو ایم کے بعض دیگر کارکنا ن بھی اپنی مجرمانہ سرگرمیوں سے پردہ اٹھانے والے ہیں جس سے متحدہ قومی موومنٹ کو بہت بڑاجھٹکا لگے گا، ہم ایم کیو ایم کو بطور سیاسی جماعت تو تسلیم کرتے ہیں مگر بطور ڈیتھ اسکواڈ اسکے خلاف ہر سطح پر آواز اٹھائیں گے، ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین عمر کے جس حصے میں ہیں ان سے مزید صدمات برداشت کرنا مشکل ہوجائیگا،بہتر راستہ یہی ہے کہ وہ صولت مرزا کے الزامات تسلیم کرتے ہوئے آئندہ قتل وغارت گری سے توبہ کرلیں اس سے انکے دل کابوجھ بھی ہلکا ہوجائیگا، انہوں نے کہاوزیر اعظم نوازشریف نے کراچی آپریشن کے حوالے سے ایم کیو ایم کوسرخ جھنڈی دکھا دی ہے جس سے متحدہ کی رہی سہی امیدبھی دم توڑگئی ہے،انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایم کیو ایم کی رہائشگاہ پر وفاقی اور صوبائی حکومت کی مکمل آشیر باد سے چھاپہ مارا گیا تھا ،سیاسی قیادت کے اس حوالے سے بعض بیانا ت نمبرسکورنگ کے سوا کچھ نہیں۔

متعلقہ عنوان :