اسٹرابیری‘ انسانی جسم کو جوان رکھتی ہے:حکیم قاضی ایم اے خالد

اسٹرابری جوڑوں کے درد ‘گنٹھیا ‘سرطان‘بلڈ پریشر‘ امراض چشم سمیت متعدد امراض میں موثر ہے

اتوار 22 مارچ 2015 17:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22مارچ۔2015ء) مرکزی سیکرٹری جنرل کونسل آف ہربل فزیشنز پاکستان اور یونانی میڈیکل آفیسر حکیم قاضی ایم اے خالد نے”ہیلتھ پاک “کے زیر اہتمام منعقدہ ایک ہفتہ وار تقریب میں اسٹرابیری کی افادیت کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسٹرابیری گلاب کے خاندان سے تعلق رکھتی ہے اسے محبت کی علامت اور صحت کی ضمانت بھی کہا جاتا ہے چھ سو سے زائد اقسام کی اسٹابیریزپاکستان سمیت دنیا بھرمیں آئسکریم، ملک شیک ودیگرمشروبات، میٹھے پکوان اور سلاد کی جان ہے۔

94فیصد امریکیوں کے ساتھ ساتھ اب( پاکستان میں اس کی وافر کاشت کی وجہ سے )پاکستانیوں کی بھی کثیر تعداد اسٹرابیری استعمال کررہی ہے۔جدید طبی تحقیقات کے مطابق اسٹرابیری کا روزانہ استعمال انسانی جسم کی قوت مدافعت بڑھانے اور صحتمند رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

(جاری ہے)

اس میں وٹامن سی کی وافر مقدار پائی جاتی ہے نیزفولیٹ اور مانع تکسید اجزاسرطان سے بچاؤ کرتے ہیں اسی وجہ سے اسٹرابیری کھانے والا کینسر جیسے مہلک مرض کا شکار نہیں ہوتا، اسٹرابری میں فائبر (غذائی ریشہ) سیلی کون، پوٹاشیم، میگنیشیم، جست، آیوڈین ‘فولک ایسڈ، فلیوونائڈز، فائیٹو کیمیکلز‘ وٹامن بی ۲،بی۵،بی۶اورمیگنیزکی کافی مقدار پائی جاتی ہے، حکیم خالد نے کہا کہ اسٹرابیری میں بیس مختلف اجزااینٹی ایجنگ صلاحیت رکھتے ہیں جس کے باعث یہ جھریوں اور بڑھاپے سے بچا کر انسانی جسم کو جوان رکھتی ہے۔

اسٹرابیری جوڑوں کے درد اورگنٹھیا کے مرض میں فائدہ مند ہے۔ امراض چشم میں انتہائی مفید ہے ‘بینائی کے نقائص‘بصری اعصاب کی تقویت ‘آنکھوں کی انفیکشن میں کارآمد ہے ۔اسٹرابیری میں موجود فائٹوکیمیکلزکولیسٹرول لیول کونارمل رکھتے ہیں جبکہ یہ پوٹاشیم اور میگنیشیم کی بدولت ہائی بلڈ پریشرمیں فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔اسٹرابیر ی کھانے سے قوت مدافعت بحال رہتی ہے جس کی وجہ سے نزلہ زکام سمیت بیشتر اقسام کی انفیکشینزسے بدن انسانی محفوظ رہتا ہے۔

اسٹرابیری میں موجود فائٹونیوٹرنٹس ‘سوجن یعنی ورم کو روکنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اسٹرابیری میں ایک معدنی جز بورون پایا جاتا ہے جو خواتین کے جسم میں زنانہ ہارمونز کی سطح بڑھا دیتا ہے جس سے یہ بیشتر نسوانی امراض میں بھی فائدہ مند ہے اس میں موجودفلیونائڈزمزمن امراض ‘سرطان،امراض قلب،بلند فشار خون ‘دانتوں کے امراض اور ہڈیوں کی کمزوری میں فائدہ مند ہیں، اسٹرابری کھانے سے پیاس کم لگتی ہے اسٹرابری کا بیرونی استعمال رنگت میں نکھارکے علاوہ ایکنی وچھائیوں کودور کرکے چہرہ خوبصورت بناتاہے۔گردے، پتے اور جگر کے پیچیدہ امراض کی صورت میں اسٹرابریز کھانے سے پرہیز کیا جائے۔