دہشت گردی اور کرپشن نے قائد اعظم کے پاکستان کا حلیہ بگاڑ دیا‘پاکستان جن مزدوروں ، کسانوں کے لیے بنا وہ احتجاج اور خود کشیاں کررہے ہیں ، میڈیا اور نوجوان امید بنیں،ناانصافی نے غربت ، غربت نے دہشتگردی کو جنم دیا لٹنے والے لوٹنے والوں کی طرح اکٹھے ہوں ،پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کایوم پاکستان کے موقع پر پیغام

اتوار 22 مارچ 2015 18:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 مارچ۔2015ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے 23مارچ یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دہشتگردی اور کرپشن نے قائد اعظم کے پاکستان کا حلیہ بگاڑ دیا ، پاکستان جن مزدوروں ، کسانوں ، ہاریوں ، کلرکوں ، دوکانداروں کے لیے بنا وہ فاقوں سے تنگ آکر احتجاج اور خود کشیا ں کررہے ہیں ۔

ناانصافی نے غربت اور غربت نے دہشتگردی کو جنم دیا ،65سالوں کی کوتاہیاں ، نا اہلی، کرپشن ،بد انتظامی اور قومی قیادت کا مجرمانہ کردار ایک طرف مگر گزشتہ چند ماہ اور چند ہفتوں کی کہانیاں ایک طرف ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نام نہاد قومی قیادت جو تیس تیس سال سے اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھی ہوئی ہے وہ بتائے کہ اس نے آئندہ نسلوں کے لیے کس قسم کی سیاسی ، سماجی ،معاشی اور جمہوری اخلاقیات قائم کی؟۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قتل وغارت گری ، خزانے کی لوٹ ماراور دہشگردی کے واقعات نے عام محب وطن پاکستانیوں کی روحوں کو گھائل کیا قومی مجرم ایک ایک ظلم کا اسی دنیا میں حساب دے کے رخصت ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ 23مارچ 1940ء کے دن بانی ء پاکستان نے جس مملکت کے قیام کی آرزو کی تھی اس میں اسلام کے سنہری اصول مساوات محمدی اورترقی کے مساوی مواقع کی فراہمی کی سوچ کار فرما تھی مگر انہوں نے اس کا تصور بھی نہ کیا ہوگا کہ ان کا نام لے کر اس ملک کو لوٹا جائے گا ، بیرونی بینکوں میں لوٹی گئی دولت کے ڈھیر لگائے جائیں گے اور مفلسوں اور مجبوروں کو خود کشی کرنے پر مجبور کیا جائے گا اور تحفظ دینے والی ریاست بے گناہ شہریوں کا قتل عام کرے گی اور پھر ان پر انصاف کے دروازے بھی بند کردے گی ۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ مراعات یافتہ طبقہ جتنا ظلم کرسکتا تھا کر چکا میں اب انصاف اور عدل کا سورج طلوع ہوتے ہوئے دیکھ رہا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمہ کے حوالے سے فوج امید بنی ہے میں دعا گو ہوں کہ ملکی تاریخ کی اس اہم ترین جنگ میں فوج اور قوم سرخرو ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان کو اس تاریخی موقع پر میں بطور خاص مبارکباد پیش کروں گا کہ انہوں نے پاکستان بچانے کے لیے وہی قربانیاں دیں جو پاکستان بنانے کے مرحلہ پر دی گئی تھیں۔انقلاب کا سفر جاری ہے بہت جلد یہ جدوجہد نقطہ ء عروج پر پہنچے گی جب تک دم میں دم ہے حکمرانوں کی لوٹ مار اور استحصالی نظام کو بدلنے کی جدوجہد جاری رکھوں گا۔