کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں ‘امید ہے ٹیم چھ روز بعد عالمی چیمپئن بن جائیگی ‘ملر

پیر 23 مارچ 2015 11:48

کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں ‘امید ہے ٹیم چھ روز بعد عالمی چیمپئن بن ..

آکلینڈ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ۔2015ء)جنوبی افریقن ٹیم کے سٹار بلے باز ڈیوڈ ملر نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں ‘امید ہے ٹیم چھ روز بعد عالمی چیمپئن بن جائیگی ‘ٹیم کو پہلی بار عالمی ٹائٹل جیتنے کا موقع ملا ہے ‘ کسی بھی صورت میں ضائع نہیں جانے دیں گے ‘ ملر نے اپنے بیان میں کہا کہ ٹیم نے پہلی بار سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر کے چوکرز کا ٹیگ اتار پھینکا ہے، کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں اور اب ہم سب عالمی ٹائٹل جیتنے کیلئے بے تاب ہیں اسلئے پہلے سیمی فائنل میں کیویز کو شکست دینے کیلئے پوری تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ سیمی فائنل کھیلنا دیرینہ خواب تھا اور اب اگلا ہدف فائنل میں پہنچ کر ٹائٹل جیتنا ہے اور مقصد کے حصول کیلئے تمام کھلاڑی بھرپور محنت کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ٹیم کو پہلی بار عالمی ٹائٹل جیتنے کا موقع ملا ہے اور ہم کسی بھی صورت میں اسے ضائع نہیں جانے دیں گے، کھلاڑی سخت تیاری کر رہے ہیں اور سیمی فائنل اور پھر فائنل میں کسی بھی ٹیم کیلئے ہمیں ٹائٹل جیتنے سے روکنا آسان نہیں ہو گا، بلاشبہ کیویز ہوم گراؤنڈ پر خطرناک حریف ہو گی تاہم ہم چیلنج سے نمٹنے کیلئے پوری طرح سے تیار ہیں، اگر کھلاڑی پلان کے مطابق کھیلے تو فتح ہماری ہو گی۔