دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے افواج پاکستان کا آپریشن ضرب عضب قومی امنگوں کا ترجمان ہے، علامہ ریاض حسین شاہ

پیر 23 مارچ 2015 13:14

خیرپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ۔2015ء) جماعت اہلسنت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے افواج پاکستان کا آپریشن ضرب عضب قومی امنگوں کا ترجمان ہے، علماء مشائخ اہلسنت دہشت گردی اور دہشت گردوں کے خاتمہ کیلئے پاک افواج کے ساتھ ہے، ملک میں قیام امن کیلئے افواج پاکستان اور سیکورٹی فورسز کی قربانیاں اور خدمات کو پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

وہ نیشنل پریس پینل کے ایک وفد سے بات چیت کررہے تھے ان کے ہمراہ مرکزی رہنما مفتی محمد عارف سعیدی، علامہ محمد اکرم سعیدی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے قیام کے فوری بعد اگر ملک میں نظام مصطفی نافذ کردیا جاتا تو آج یہ کٹھن وقت دیکھنا نہ پڑتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کلمے کے نام پر حاصل کیا گیا تھا مگر افسوس آج ملک بھر میں دہشت گردی کو فروغ دیا جارہا ہے، آج وطن کو امن، استحکام، اتحاد، یکجہتی، معاشی معیست کی مضبوطی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اہلسنت پاکستان ملک گیر انٹرنیشنل سطح پر درود وسلام پڑھنے والوں کی نمائندہ جماعت ہے، ہم نے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف آواز بلند کی ہے کیونکہ دہشت گردی نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ ملک کے خلاف ہونے والی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اولیاء کرام بزرگان دین صوفیا کرام کی دھرتی ہے جنہوں نے امن محبت پیار کا درس دیا ہے لیکن چند مفاد پرست نے سندھ کی سرزمین کو سیاسی وذاتی مقاصد کیلئے استعمال کرکے صوبے میں نفرتیں پھیلانے کی کوششیں کیں مگر اولیاء کرام اور بزرگان دین سے عقیدت رکھنے والے سندھ میں کبھی بھی نفرتوں کو آگے نہیں بڑھنے دیں گے۔

انہوں نے خیرپور میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات کی مذمت کی اور مجرموں کو گرفتار کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :