دیار غیر میں بسنے والے پاکستانی وطن عزیز کے عظیم سفیر ہیں ، کسی کو ان کی جائیداد پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے،اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے پنجاب حکومت نے اوورسیز پاکستانیز کمیشن کا ادارہ تشکیل دیاہے ،پنجاب کے 36اضلاع میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے ڈسٹرکٹ کمیٹیاں قائم کر دی گئی ہیں

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کا ویڈیو لنک کے ذریعے اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے پہلے اجلاس سے خطاب

پیر 23 مارچ 2015 16:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ۔2015ء ) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ پنجاب حکومت نے دیار غیر میں رہنے والے پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے اوورسیز پاکستانیز کمیشن کا ادارہ تشکیل دیاہے -ادارے کومکمل طو رپر انتظامی و مالی خود مختاری دی گئی ہے-بیرون ملک بسنے والے پاکستانی وطن عزیز کے عظیم سفیر ہیں جو ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں بہت اہم کردار ادا کر رہے ہیں-اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کا حل ریاست کی ذمہ داری ہے اور اسی مقصد کے پیش نظر پنجاب میں اوورسیز پاکستانیز کمیشن تشکیل دیا گیاہے- یہ ادارہ بیرون ملک رہنے والے پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے حوالے سے ممدومعاون ثابت ہوگا -وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار ویڈیو لنک کے ذریعے اوورسیز پاکستانیز کمیشن ،پنجاب کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا-کمشنراوورسیز پاکستانی کمیشن پنجاب افضال بھٹی نے ادارے کی اب تک کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی- اجلاس میں مستحق اوورسیز پاکستانیوں کے کیسوں کی پیروی کے لئے وکلاء کا پینل بنانے کے اقدام کی منظوری دی گئی-اوورسیز پاکستانیز کمیشن،پنجاب کے حوالے سے بیرون ملک روڈ شوز کرانے کا فیصلہ کیا گیا -یونیورسٹیوں کے طلبا و طالبات کو اوورسیز پاکستانیوں کی معاونت کیلئے انٹرنشپ کرانے کے اقدام کی بھی منظوری دی گئی-وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دیار غیر میں رہنے والے پاکستانیوں نے اپنی محنت کے ذریعے دنیا بھر میں ملک وقوم کا نام روشن کیاہے -کسی کو اوورسیز پاکستانیوں کی جائیداد پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے -اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کر کے انہیں انصاف فراہم کریں گے -وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن ،پنجاب بیرون ملک بسنے والے پاکستانیوں کی شکایات کے ازالہ کے لئے محنت او رجانفشانی سے فرائض سرانجام دے -اوورسیز پاکستانیز پر مشتمل ایڈوائزری کونسلز جلد تشکیل دی جائیں- ایڈوائزری کونسلز میں اچھی شہرت کے حامل اوورسیز پاکستانیوں کو شامل کیا جائے-انہوں نے کہاکہ پنجاب کے 36اضلاع میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے ڈسٹرکٹ کمیٹیاں قائم کر دی گئی ہیں- انہوں نے کہاکہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن ،پنجاب میں جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کا نظام لایا جائے -شکایات کے فوری ازالہ کیلئے تیزرفتاری سے اقدامات اٹھائے جائیں-اوورسیز پاکستانیوں کو فوری انصاف کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے-کمیشن کو مکمل طو رپر جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا چاہیے-اجلاس میں اوورسیز پولیس سینٹرز کے قیام کی تجویز پر وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ تجویزکو عملی شکل دینے کے حوالے سے پلان مرتب کرکے پیش کیاجائے-اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات او رمسائل کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات کا موثر فالو اپ ،مانیٹرنگ اور عملدرآمد کا میکنزم بنایاجائے،میں خود کمیشن کی کارکردگی کا ہر 15روز بعد جائزہ لوں گا- وائس چیئرمین اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب خالد شاہین بٹ ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری، کیپٹن (ر) مبین ڈی جی (ڈسٹرکٹ پولیس )اوورسیز پاکستانیز کمیشن ،پنجاب ،خواجہ داؤد ڈی جی اوورسیز پاکستانیز کمیشن اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی-

متعلقہ عنوان :