صوبائی وزیر تعلیم سندھ کا قائداعظم کی 11 اگست 1947ء کو پاکستان کی قانون ساز اسمبلی میں کی گئی تقریر کو نصاب میں شامل کرنے کا اعلان ، قائداعظم محمد علی جناح کی وہ تقریر آٹھویں جماعت سے لے کر دسویں جماعت کے نصاب میں ترمیم کرکے شامل کی جارہی ہے،سندھ صوبہ قائداعظم محمد علی جناح جیسی شخصیت کی تقریر کو بھی نصاب میں شامل کرنے جارہا ہے تاکہ طلباء وطالبات کو تاریخ سے بھی آگاہی مل سکے، نثار احمد کھوڑو

پیر 23 مارچ 2015 22:31

صوبائی وزیر تعلیم سندھ کا قائداعظم کی 11 اگست 1947ء کو پاکستان کی قانون ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 مارچ۔2015ء) سینئر صوبائی وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑو نے قائداعظم محمد علی جناح کی 11 اگست 1947ء کو پاکستان کی قانون ساز اسمبلی میں کی گئی تقریر کو نصاب میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان انہوں نے پیر 23 مارچ کو یوم قرارداد پاکستان کے روز کیا ہے۔ سینئر صوبائی وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی قانون ساز اسمبلی میں کی گئی تقریر کو سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کی ہدایت پر نصاب میں شامل کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی وہ تقریر آٹھویں جماعت سے لے کر دسویں جماعت کے نصاب میں ترمیم کرکے شامل کی جارہی ہے۔ وہ ترمیمی نصاب آئندہ سال طلباء وطالبات کے ہاتھوں میں ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تعلیم اب صوبائی معاملہ ہے اور سندھ کو اپنا نصاب تیار کرنے کا حق حاصل ہے۔ اس لئے سندھ صوبہ قائداعظم محمد علی جناح جیسی شخصیت کی تقریر کو بھی نصاب میں شامل کرنے جارہا ہے تاکہ طلباء وطالبات کو تاریخ سے بھی آگاہی مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی بھی تفریق پر یقین نہیں رکھتا اور قائداعظم محمد علی جناح کے مطابق پاکستان میں ہر شخص کو اپنے مذہبی عقیدے کے مطابق زندگی گزارنے کے لئے آزادی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نصاب میں یہ تاریخ شامل ہونے سے طلباء وطالبات اس پیغام کو پڑھ کر بہتر طریقے سے مستقبل میں اس مائنڈ سیٹ کا تعلیم کی مدد سے مقابلہ کرسکیں گے۔