حکومت جاپان کی جانب سے سروسز ہسپتال کو 22کروڑ روپے کے طبی آلات کا عطیہ

منگل 24 مارچ 2015 16:06

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مارچ۔2015ء)حکومت جاپان نے اپنے ایک نجی ادارے کے ذریعے سروسز ہسپتال لاہور کو نان پراجیکٹ گرانٹ ایڈ پروگرام کے تحت 22کروڑ روپے کے جدید طبی آلات اور 2ایمولنسز عطیہ کی ہیں۔ مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے آج سروسز ہسپتال میں منعقدہ تقریب میں مذکورہ طبی آلات باقاعدہ طور پر ہسپتال انتظامیہ کے سپرد کئے۔تقریب میں پرنسپل سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز پروفیسر حامد محمود بٹ، پروفیسر محمود ایاز، ایم ایس ڈاکٹر عمر فاروق بلوچ، اے ایم ایس ڈاکٹر محمد معظم اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

پرنسپل پروفیسر حامد محمود بٹ نے بتایا کہ طبی آلات عطیہ کرنے سے پہلے جاپان کی حکومت کی جانب سے مسٹر شوشی ہوے نے ہسپتال کا دورہ کرکے جاپانی طبی آلات کے استعمال کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کی تھیں اور اپنے مقامی نمائندے جیمز کامران اور عبدالقیوم کے ذریعے طبی آلات دیئے ہیں۔

(جاری ہے)

ان طبی آلات میں تمام ضروری مشینری سے فلی لوڈڈ2ایمولنسز کے علاوہ ناک، کان اور گلا کے آپریشن کی جدید مشین، ایتھزیا مشین، ملٹی موڈوینٹی لیٹر، آپریشن ٹیبل، سکشن مشین، آپریشن لائٹ، فارماکالوجیکل ریفریجریٹر، آئی سی یو بیڈز، جدید سٹریچرز، وہیل چیئرز اور دیگر آلات شامل ہیں۔

اس موقع پر خواجہ سلمان رفیق نے حکومت پنجاب اور محکمہ صحت کی جانب سے حکومت جاپان کا 22کروڑ روپے کی خطیر رقم کے طبی آلات سروسز ہسپتال کو عطیہ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ نئے طبی آلات آنے سے سروسز ہسپتال کی کارکردگی بہتر ہوگی اور مریضوں کو علاج معالجہ کی مزیدبہتر سہولیات میسر آئیں گی۔