ٹی بی کے عالمی دن پر شالا مار ہسپتال میں آگاہی واک

منگل 24 مارچ 2015 17:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مارچ۔2015ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں گزشتہ روز ٹی بی کا عالمی دن منایا گیااس حوالے سے مختلف تقاریب ،سیمینارز اور آگاہی واکس کا انعقاد کیا گیا شالا مار ہسپتال میں بھی سیمینار منعقد کیا گیا ۔ جس میں سینئر ڈاکٹرز نے ٹی بی کے مرض اس کے علاج اور بیماری سے بچاؤ کے حوالے سے تفصیلی بات کی۔ ڈاکٹرز کا کہنا تھاکہ ٹی بی کی بنیادی وجہ غربت اور لوگوں میں آگاہی نہ ہونا ہے۔

بروقت تشخیص نہ ہونے کی وجہ سے ٹی بی کا مرض ایک سے دوسرے فرد میں منتقل ہوجاتا ہے ۔ ڈاکٹر ز کا کہنا تھا کہ بروقت تشخیص سے اس کا علاج ممکن ہے تاہم یہ ایک لمبا علاج ہوتا ہے جس کے لیے لوگوں میں آگاہی پیدا کرنا بہت ضروری ہے ۔علاوہ ازیں شالامار ہسپتال کے آؤٹ ڈور میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا ۔

(جاری ہے)

جہاں آنے والے مریضوں کو مفت طبی مشورے اور ادویات فراہم کی گئیں۔

کیمپ میں آنے والے مریضوں کو ضروری ٹیسٹوں کی رعائتی نرخوں پر سہولت بھی فراہم کی گئی۔ اس موقع پر ٹی بی کے مرض سے آگاہی کے لیے واک ہوئی جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی واک کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈزاٹھا رکھے تھے ۔ شالا مار ہسپتال کے سینئرڈاکٹر سلیم الزمان ادھمی کی قیادت میں ڈاکٹرز نے لوگوں کو ٹی بی کی علامات اور اس سے بچاو کی تدابیر بتائیں۔ان کا کہنا تھا کہ ٹی بی قابل علاج مرض ہے ۔ واک میں چیف ایگزیکٹو شالامار انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز بریگیڈئیر (ر )انیس احمد اور چیف آپریٹنگ آفیسر شالامار ہسپتال پروفیسر احمد وسیم یوسف اور ہسپتال کے ڈاکٹرز اور دیگر سٹاف نے بھرپور شرکت کی ۔