نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے لئے یوتھ کمیشن قائم کیا گیا‘ محمد شاویز خان

بدھ 25 مارچ 2015 13:12

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2015ء)مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی محمد شاویز خان نے کہا ہے کہ وطن عزیز کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں آبادی کا لگ بھگ 70فیصد سے زائد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، اتنی بڑی یوتھ فورس کی تعلیم و تربیت اور مختلف فنون و ہنر کی فراہمی کسی بہت بڑے چیلنج سے کم نہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کے برعکس وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے نوجوان طبقے کے مسائل اور ضروریات کا بروقت ادراک کرتے ہوئے گزشتہ 6سالوں میں متعدد منفرد اور موثر سکیمیں متعارف کرائیں۔

بیروزگار نوجوانوں کو معاشی خودمختاری کی طرف گامزن کرنے کے لئے اربوں روپے کے آسان قرضے تقسیم کئے گئے۔ نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے لئے یوتھ کمیشن قائم کیا گیا۔

(جاری ہے)

20ہزار نوجوان کاشتکاروں کو 2لاکھ روپے فی ٹریکٹر سبسڈی پر 20ہزار ٹریکٹر دیئے گئے۔ پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے ذریعے نوجوانوں کو ٹیکنیکل ٹریننگ کے ساتھ اپنا کاروبار شروع کرنے کے لئے مالی امداد دینے کا پراجیکٹ شروع کیا گیا۔

ویٹرنری ‘ زرعی و فاریسٹری گریجوایٹ طلباء کو ان کے اضلاع میں زرعی اراضی دی گئی۔ ہر سال 50ہزار نوجوانوں کو 3 ماہ کے لئے 50ہزار ماہانہ مشاہرے پر12ارب روپے کے پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ سے 65ہزار سے زائد محروم معیشت خاندانوں کے بچوں اور بچیوں کو تعلیمی وظائف دیئے جا رہے ہیں۔ صوبہ بھر میں ہونہار طلبا میں 2لاکھ لیپ ٹاپ دیئے جا چکے ہیں۔ جبکہ تیسرے مرحلے میں مزید 3لاکھ لیپ ٹاپ طلباء کو دیئے جائیں گے۔