محکمہ زکوة و عشر کو آئی ٹی کی مدد سے جدید خطوط پر استوار کر دیا گیا،مستحقین زکوة کا تمام ڈیٹا کمپیوٹرائزڈ کر دیا،ہیلپ لائن قائم،

نئے طریقہ کار کے مطابق مستحقین امدادی رقم ایزی پیسہ کے ذریعے منٹوں میں حاصل کر سکیں گے،محکمہ میں ڈیجیٹل ڈیش بورڈ قائم کر دیا ،زکوة کی تقسیم کے عمل کی آن لائن مانیٹرنگ ہو سکے گی‘ صوبائی وزیر زکوة ملک ندیم کامران کی میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو

بدھ 25 مارچ 2015 19:03

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2015ء)صوبائی وزیر زکوٰة و عشر ملک ندیم کامران نے کہا ہے کہ مستحقین زکوٰة کی سہولت کیلئے ہیلپ لائن قائم کر دی گئی ہے اور تمام مستحقین کا ڈیٹا کمپیوٹرائزڈ کر دیا گیا ہے جس سے مستحق اور غیر مستحق افراد کی نشاندہی ممکن ہوسکے گی۔انہوں نے یہ بات یہاں اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر سیکرٹری زکوٰة و عشر حبیب الرحمن گیلانی اور ایڈمنسٹریٹر زکوة محمد یوسف بٹ بھی موجود ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اصل مستحق کی تصدیق کیلئے ان کے محکمہ کے پاس موجود ریکارڈ کا نادرا کے ریکارڈ سے موازنہ کیا جا رہا ہے اور اب کسی بھی مستحق کو اس کے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ کے ذریعے چند منٹوں میں تلاش کرنا ممکن ہوسکے گا۔

(جاری ہے)

ملک ندیم کامران نے کہا ہے کہ محکمہ زکوٰة و عشر نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے محکمہ کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے نیا طریقہ کار وضع کر دیا ہے جس کے تحت مستحقین کو ایزی پیسہ کے ذریعے زکوٰة کی رقم فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایاکہ نئے طریقہ کار سے قبل زکوٰةاور دیگر امدادی رقوم کا اجراء بذریعہ کراسڈ چیک کے ذریعے کیا جاتا تھا اور اس سلسلہ میں مستحقین کی طرف سے رقم نہ ملنے یا دیر سے ملنے کی بہت شکایات تھیں جبکہ اب ان شکایات کا ازالہ کر دیاگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے طریقہ کار کے باعث مستحقین زکوٰة فنڈ کی رقم منٹوں میں حاصل کرسکیں گے اور فیلڈسٹاف پر کام کا بوجھ بھی خاطرخواہ کم ہوا ہے کیونکہ پرانے طریقہ کار کے تحت انہیں ہر تین ماہ بعد 5لاکھ چیک تیار کرنے پڑتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ زکوٰة فنڈ کی ادائیگی کا نیا طریقہ کار اختیار کرنے سے انتظامی افسران صوبہ بھر میں آن لائن سسٹم کے تحت مستحقین کو کی جانے والی ادائیگیوں کا ہمہ وقت جائزہ لے سکیں گے۔صوبائی وزیر نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ نے اپنی ویب سائٹ حال ہی میں لانچ کی ہے جس میں زکوٰة پروگرام، ضلعی و مقامی زکوٰة کمیٹیوں کے چیئرمینوں کے دفاتر کے ایڈریس، ان کے فون نمبرز اور زکوٰة فنڈ اور وظیفہ کے فارمز بھی ڈاؤن لوڈ کئے جاسکتے ہیں۔

صرف یہی نہیں بلکہ محکمہ نے سوشل میڈیا کو استعمال کرنے کا بھی آغاز کر دیا ہے اور پنجاب زکوٰةفنڈ فیس بک پیج کے ذریعے نوجوانوں کو ان نیک کام کی طرف متوجہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ڈیجیٹل ڈیش بورڈ بھی قائم کر دیا گیا ہے جس کے ذریعے زکوٰة کی تقسیم کے عمل کا آن لائن جائزہ لیا جاسکے گا۔ملک ندیم کامران نے میڈیا کے ذریعے مخیرحضرات سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ عطیات اور اپنی زکوٰة بہترین مصرف کیلئے پنجاب زکوٰة فنڈ میں جمع کروائیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب زکوٰة فنڈ میں جمع کروایا جانے والا ایک ایک روپیہ صرف اور صرف غیریبوں کی فلاح اور مستحقین پر خرچ کیا جائے گا اور زکوٰة و عطیات دینے والوں کو ٹریکنگ انفارمیشن کے ذریعے مطلع کیا جائے گا کہ ان کی زکوٰة و عطیات کس مستحق تک پہنچائے گئے ہیں۔