چیف سیکرٹری کی سرکاری محکموں کو اوورسیز پاکستانیز کمیشن سے تعاون کی ہدایت،

سیکرٹریزکانفرنس میں انسداد ڈینگی اقدامات، بلدیاتی انتخابات،سپیشل افراد کے کوٹے، شجرکاری اور دیگر امور پر غور، محکمہ بلدیات6اپریل سے ہفتہ صفائی منائے گا، چیف سیکرٹری خضرحیات گوندل کی پنشن کیسز جلد نمٹانے کی ہدایت

بدھ 25 مارچ 2015 19:58

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2015ء) چیف سیکریٹری پنجاب خضر حیات گوندل نے ہدایت کی ہے کہ تمام محکمے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن سے بھرپورتعاون کریں،بیرون ملک مقیم پاکستانی قومی سرمایہ ہیں، ان کے مسائل کا حل ترجیحی بنیادوں پر ہونا چاہئے۔ انہوں نے یہ ہدایت سول سیکریٹریٹ میں منعقد ہو نیوالی سیکریٹریزکانفر نس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔

کانفرنس میں ڈینگی کے خاتمے کیلئے اقدامات، بلدیاتی انتخابات، اسپیشل افراد کے ملازمتوں کے کوٹہ پر عملدرآمد، شجرکاری مہم ودیگر انتظامی امور زیر غورآئے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکریٹری خضر حیات گوندل نے کہا کہ پنشن اور محکمانہ کارروائی کے کیسسز کو جلد از جلد نمٹایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام محکمے شجرکاری مہم کوکامیاب بنانے کیلئے بھرپور کوشش کریں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ بلدیاتی حکومتوں کیلئے تفصیلی ٹرانزیشن پلان آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے۔ بریفنگ کے دورا ن سیکریٹری بلدیات نے بتایاکہ پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013کے تحت بلدیاتی حکومتوں کی حدبندیوں کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ا لیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کا کام شروع کر دیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ بلدیات کے زیر اہتمام ہفتہ صفائی 6 اپریل سے منایا جائے گا۔

سیکریٹری صحت نے کہا کہ ڈینگی کی مانیٹرنگ کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں،رواں سال پنجاب میں کسی مریض میں ڈینگی وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی۔محکمہ سوشل ویلفیئر نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ دسمبر 2014میں اسپیشل افراد کے لئے ملازمتوں کا کوٹہ دو سے بڑھا کر تین فیصد کیا گیا اورصوبائی محکمے اسپیشل افراد کے لئے ملازمتوں کے کوٹہ کے تحت اب تک 114آسامیوں پر بھرتی کا اشتہار دے چکے ہیں۔کانفرنس میں پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمشنر،مختلف محکموں کے سیکریٹریز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :