مصباح ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سے بھی دستبردار ہونے کو تیار،شہریار خان کا جلد نئے ون ڈے کپتان کے اعلان کا عندیہ

بدھ 25 مارچ 2015 20:31

مصباح ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سے بھی دستبردار ہونے کو تیار،شہریار خان کا ..

لاہور(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 25مارچ ۔2015ء ) قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ایک روزہ میچز کے بعد ٹیسٹ ٹیم کی قیادت بھی چھوڑنے کی پیشکش کردی ،دوسری جانب چیئر مین پی سی بی شہریار خان نے ایک سے دو روز میں نئے ون ڈے کپتان کا اعلان کر نے کا عندیہ دیدیا ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مصباح الحق نے گزشتہ روز چیئر مین پی سی بی شہریار خان سے ملاقات میں کہا کہ کرکٹ بورڈ ون ڈے کے ساتھ ٹیسٹ ٹیم کا بھی کپتان تلاش کرلے کیوں کہ وہ رواں سال دسمبر میں ٹیسٹ کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیں گے۔

دوسری جانب چیرمین پی سی بی شہریار خان کا کہنا تھا کہ کرکٹ بورڈ کو پہلے ہی کئی مسائل کا سامنا ہے اور ون ڈے ٹیم کے لئے بھی کپتان کی تلاش آزمائش ہے اس لئے مصباح الحق سے کہا ہے کہ وہ فی الحال ٹیسٹ ٹیم کی قیادت جاری رکھیں جس پر مصباح نے رضامندی ظاہر کرتے ہوئے عارضی طور پر قیادت جاری رکھنے کی حامی بھرلی۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھاون ڈے ٹیم کے کپتان کا اعلان ایک سے دو روز میں کردیا جائے گا جبکہ سلیکشن کمیٹی میں بھی تبدیلی کرنے کے بعد تین سے چار روز میں اس کا اعلان بھی کر دیا جائے گا ۔واضح رہے کہ رواں سال قومی ٹیم کو بنگلادیش ،سری لنکااور انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز کھیلنا ہے جب کہ بنگلادیش کے خلاف 2 ٹیسٹ اور 3 ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز 15اپریل سے شروع ہوگی

متعلقہ عنوان :