بجلی کی کمی کے مسئلے پر بھی جلد قابو پالیں گے،کل آنے والا پاکستان معاشی طور پر درست ہو گا،حکومت کی کامیاب معاشی پالیسیوں کی وجہ سے عالمی اداروں نے پاکستان کی معاشی درجہ بندی منفی سے مثبت کر دی ہے، پاکستان کی شرح نمو گذشتہ 6 برسوں سے بہت بہتر ہو گئی ہے، معاشی استحکام کے لیے میثاق جمہوریت جیسا معاہدہ کرنا چاہتے ہیں ،وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار کا کے ایس ای کی ٹاپ لسٹ کمپنیوں میں ایوارڈ کی تقسیم کی تقریب سے خطاب

بدھ 25 مارچ 2015 23:45

بجلی کی کمی کے مسئلے پر بھی جلد قابو پالیں گے،کل آنے والا پاکستان معاشی ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 مارچ۔2015ء) وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت کی کامیاب معاشی پالیسیوں کی وجہ سے عالمی اداروں نے پاکستان کی معاشی درجہ بندی منفی سے مثبت کر دی ہے ۔ پاکستان کی شرح نمو گذشتہ 6 برسوں سے بہت بہتر ہو گئی ہے ۔ معاشی استحکام کے لیے میثاق جمہوریت جیسا معاہدہ کرنا چاہتے ہیں ۔ اگلے تین برسوں میں پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیں گے ۔

وہ بدھ کو پی اے ایف آڈیٹوریم میں کراچی اسٹاک ایکسچینج کی ٹاپ لسٹ کمپنیوں میں ایوارڈ کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم نے حکومت سنبھالی تو ہمیں معاشی مسائل کا سامنا تھا ۔ حکومت چار نکاتی منشور پر عمل پیرا ہے ، جس میں دہشت گردی کا خاتمہ ، توانائی کا بحران ، معیشت کا استحکام اور سماجی شعبے کی ترقی شامل ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے عزم کے باعث آج ملک کی معیشت ماضی کے مقابلے میں بہتر ہو رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ 9 سال بعد سکوک بونڈز کا اجرا بڑی کامیابی ہے ۔ زرمبادلہ کے ذخائر 16 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے ہیں جبکہ یورو بونڈز پر بھی توقع سے زیادہ پیشکش موصول ہوئی ہیں ۔ تھری جی ، فور جی لائسنس کے معاملات پر پیش رفت ہوئی ہے اور ان کی فروخت سے 9 لاکھ لوگوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے ۔حکومت نے اپنی مختصر مدت میں معاشی اعشاریوں کی سمت درست کر دی ۔

کل آنے والا پاکستان معاشی طور پر درست ہو گا انہوں نے کہا کہ بجلی کے بحران کے حل کے لیے بھی اقدامات کر رہے ہیں ۔ ملک کی معاشی ترقی کیلیے حکومت سہولت کار کا کردار ادا کر رہی ہے ۔ کراچی آپریشن کسی جماعت کے خلاف نہیں بلکہ یہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معاشی مسائل کے باوجود پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی ، جس سے عام آدمی کو فائدہ پہنچا ہے ۔

دہشت گردی کے خاتمے کے لیے آپریشن ضرب عضب جاری ہے اور اس کی تکمیل کو آخری اہداف کے حصول تک جاری رکھا جائے گا ۔ انہوں نے کراچی اسٹاک ایکسچینج کی کارکردگی کی تعریف کی اور سرمایہ کاروں کو کہا کہ وہ ملک میں سرمایہ کاری کریں ، حکومت انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی کمی کے مسئلے پر بھی جلد قابو پالیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹھوس اقدامات سے معاشی ترقی اور استحکام کے اہداف حاصل کیے جائیں گے اور سماجی شعبے کی ترقی پر بھی ہماری خصوصی توجہ ہے ۔ ہم ملک کو مسائل سے نکالنا چاہتے ہیں ۔ اس کے لیے ہماری پالیسی مضبوط اور مستحکم ہے ۔ ترقی کے اہداف کو بتدریج حاصل کر رہے ہیں ۔ قوم بے جا اور بیمار ذہنوں کو نظر انداز کر دے ۔