مشکل گھڑی میں صرف 4 سیکنڈکا توقف آسانیاں پیدا کردے

گھبراہٹ اور بے یقینی کی صورت میں بھی چار سیکنڈ کی مکمل خاموشی آپ کے حواس کو بحال کرنے میں مددگار ثابت ہوگی، رپو رٹ

جمعرات 26 مارچ 2015 12:34

مشکل گھڑی میں صرف 4 سیکنڈکا توقف آسانیاں پیدا کردے

برمنگھم(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26مارچ۔2015ء) غیر یقینی صورت حالات یا جلد بازی کے دوران فیصلہ سازی ایک مشکل عمل بن جاتا ہے اور اکثر ہم دباوٴکے تحت غلط فیصلہ کر بیٹھتے ہیں۔ پریشانی یا دباؤ کی صورت میں دماغ کا صحیح فیصلے میں غلطی کرنا ایک قدرتی عمل ہے لیکن مصنف پیٹر بریگمین اپنی نئی کتاب ”4 سیکنڈز “ میں صحیح اور بہترین فیصلہ کرنے کا نہایت آسان نسخہ بتاتے ہیں۔

وہ کہتے ہیں کہ اگر آپ کی کسی سے تکرار ہوجائے یا آپ کسی بحث میں مصروف ہوں اور آپ کو محسوس ہو کہ صورتحال آپ کے کنٹرول سے نکلتی جارہی ہے تو آپ کو معاملات دوبارہ اپنے کنٹرول میں لینے کے لیے محض چار سیکنڈ کے وقفے کی ضرورت ہے۔ اگر آپ چار سیکنڈ کا توقف کریں اور لمبی سانس لیں تو اس دوران آپ کے دماغ کو قدرتی طور پر اتنا وقت، آرام اور آکسیجن مل جاتی ہے کہ آپ صورتحال کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے بہتر فیصلہ کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح اگر آپ ذہنی دباؤ محسوس کررہے ہیں اور کسی ملاقات یا انٹرویو سے پہلے گھبراہٹ کا شکار ہیں اور آپ کی پریشانی میں ہر گزرتے لمحے کے ساتھ اضافہ ہوتا جارہا ہے تو صرف4 سیکنڈ کے لیے تمام سوچوں کو ذہن سے نکال کر لمبی سانس لیں، نہ صرف آپ کا ذہن پرسکون ہوجائے گا بلکہ آپ آنے والے چیلنج کا بھی بہتر طور پر مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہوجائیں گے۔اگر آپ کسی اہم گفتگو یا تقریر میں مصروف ہیں اور گھبراہٹ اور بے یقینی کا شکار ہورہے ہیں تو اس صورت میں بھی چار سیکنڈ کی مکمل خاموشی آپ کے حواس کو بحال کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔