آسٹریلیا نے بھارت کو سیمی فائنل میں 95 رنز سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا

جمعرات 26 مارچ 2015 16:45

آسٹریلیا نے بھارت کو سیمی فائنل میں 95 رنز سے شکست دے کر فائنل کیلئے ..

سڈنی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26مارچ۔2015ء) آسٹریلیا نے بھارت کو سیمی فائنل میں 95 رنز سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا‘آسٹریلیا نے اسٹیون سمتھ کے 105‘ ایرون فنچ کے 81 رنز کی بدولت328 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا ‘ بھارت کے اومیش یادیو کی 4 اور مہت شرما کی 2وکٹیں ‘ بھارت کی پوری ٹیم 47 ویں اوور میں 233 رنز پر پویلین لوٹ گئی‘ کپتان دھونی 65‘شیکھر دھون 45 اوراجنکا ریحانے 44 رنز بنا کر نمایاں رہے ‘ فلکنر نے 3‘ جانسن اور مچل سٹارک نے 2,2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ‘ شاندار بلے بازی پر اسٹیون سمتھ مین آف دی میچ قرار۔

جمعرات کوآسٹریلیا کے سڈنی کرکٹ گراوٴنڈ میں کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کے خلاف پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 328 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

آسٹریلیا نے اننگز کا آغاز کیا تو ان کی پہلی وکٹ 15 کے مجموعی اسکور پر گری جب ڈیوڈ وارنر 12 رنز بنا کر آوٴٹ ہو گئے تاہم دوسری وکٹ کے لئے ایرون فنچ اور اسٹیون اسمتھ کے درمیان 182 رنز کی شراکت ہوئی اور اسمتھ سنچری اسکور کر کے 105 رنز پر آوٴٹ ہوئے، تیسرے آوٴٹ ہونے والے کھلاڑی گلین میکس ویل تھے جو 14 گیندوں پر 23 رنز بنا کر ایشون کا شکار بنے۔

ایک رن کے اضافے کے بعد 233 کے مجموعی اسکور پر ایرون فنچ بھی 81 رنز اسکور کرنے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔آسٹریلوی قائد مائیکل کلارک 10 رنز سے آگے نہ بڑھے سکے جب کہ جیمز فالکنر نے 12 گیندوں پر 21 رنز کی اننگز کھیلی۔ شین واٹسن نے 28 رنز کی اننگز کھیلی۔ اننگز کے آخری اوورز میں مچل جانسن نے 9 گیندوں پر 27 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور 328 رنز تک پہنچا دیا۔

بھارت کی جانب سے اومیش یادیو نے 9 اوورز میں 72 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا جب کہ موہت شرما نے 2 اور ایشون نے ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں بھارت کی پوری ٹیم 47 ویں اوور میں 233 رنز پر پویلین لوٹ گئی ۔شیکھر دھون نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے 41 گیندوں پر 45 رنز بنائے لیکن اس کے بعد وہ ہیزل وڈ کی ایک گیند پر ایکسٹرا کور کے اوپر سے اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں میکسویل کے ہاتھوں کیچ آوٴٹ ہو گئے۔

ویرات کوہلی صرف ایک رن بنا کر مچل جانسن کے باوٴنسر پر وکٹ کیپر بریڈ ہیڈن کے ہاتھوں کیچ آوٴٹ ہو گئے۔ان کے بعد مچل جانسن نے روہت شرما کو بولڈ کر دیا۔ شرما نے 34 رنز بنائے تھے۔ سریش رائنا بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور سات رنز بنا کر جیمز فاکنر کی گیند پر ہیڈن کو کیچ تھما بیٹھے۔ اجنکیا رہانے 44 رنز بنا کر مچل سٹارک کی گیند پر آوٴٹ ہو گئے۔

امپائر دھرما سینا نے ابتدا میں انھیں آوٴٹ نہیں دیا تھا البتہ آسٹریلیا نے ریویو کیا جس پر ٹی وی امپائر نے سنِکو میٹر کی مدد سے رہانے کو آوٴٹ کرنے کا فیصلہ دے دیا۔ تاہم اس کے بعد کپتان دھونی کے علاوہ کوئی کھلاڑی کریز پر نہ ٹھہر سکا اور بھارت کی وکٹیں خزاں رسیدہ پتوں کی طرح جھڑنے لگیں اور پوری ٹیم 233 رنز پر پویلین لوٹ گئی ‘ بھارت کی جانب سے کپتان دھونی 65‘شیکھر دھون 45 اوراجنکا ریحانے 44 رنز بنا کر نمایاں رہے ‘ فلکنر نے 3‘ جانسن اور مچل سٹارک نے 2,2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ‘ شاندار بلے بازی پر اسٹیون سمتھ مین آف دی میچ قرار دیا گا۔

متعلقہ عنوان :