Live Updates

(ن) لیگ اور پیپلز پارٹی 35سالوں سے مل کر ملک کو لوٹ رہی ہیں ‘ ، دونوں جماعتوں نے عام اور غریب آدمی کو کچھ دینے کی بجائے صرف اپنا مال بنایا ہے ،ملک سے منی لانڈرنگ کی جارہی ہے اور صرف ایک سال میں پاکستان سے چارارب ڈالر دبئی منتقل کئے گئے ہیں ، کسی کو کوئی پوچھنا والا نہیں،میں پارٹی انتخابات کا حامی ہوں، پارٹی قیادت کو بلدیاتی انتخابات بھی مد نظر رکھتے ہوئے پارٹی انتخابات کے لئے سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا چاہیے،تحریک انصاف کے سینئر رہنماء چوہدری محمد سرور کی اپنے دفتر میں صحافیوں سے گفتگو

جمعرات 26 مارچ 2015 19:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 مارچ۔2015ء) تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے رکن و سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی 35سالوں سے مل کر ملک کو لوٹ رہی ہیں ، دونوں جماعتوں نے عام اور غریب آدمی کو کچھ دینے کی بجائے صرف اپنا مال بنایا ہے ،ملک سے منی لانڈرنگ کی جارہی ہے اور صرف ایک سال میں پاکستان سے چارارب ڈالر دبئی منتقل کئے گئے ہیں لیکن کسی کو کوئی پوچھنا والا نہیں،میں پارٹی انتخابات کا حامی ہوں لیکن پارٹی قیادت کو بلدیاتی انتخابات بھی مد نظر رکھتے ہوئے پارٹی انتخابات کے لئے سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا چاہیے ،ہم پاکستان میں ایسی جمہوریت اور حکومت چاہتے ہیں جس میں غریب کا بچہ بھی وزیر ، مشیر اور صدر اور وزیر اعظم بن سکے ، (ن) لیگ عام آدمی کی عوام کو دبانے کے لئے بلدیاتی انتخابات نہیں کراتی ،جتنی عیش و عشرت امریکہ میں ایک صدر کر رہا ہے پاکستان میں حکومت میں بیٹھے ایسے دس ہزار لوگ ان سے زیادہ عیش و عشرت و میں مصروف ہیں،تحریک انصاف میں تمام فیصلے میرٹ پر ہو رہے ہیں اور پارٹی کو مزید مضبوط اور فعال بنانے کے لئے تحریک انصاف کا مرکزی سیکرٹریٹ آئندہ دو ماہ میں لاہور میں بنا دیا جائے گا، پارٹی کو فنڈز کی ضرورت ہے جس کو پورا کرنے کے لئے تحریک انصاف میں بزنس کلب کا قیام آج عمل میں لایا جائے گا ۔

(جاری ہے)

وہ جمعرات کو اپنے دفتر میں صحافیوں کے اعزاز میں دئیے گئے ظہرانے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے جبکہ اس موقع پر انکی کوارڈی نیٹر رابعہ ضیاء، میڈیا ایڈوائزر میاں کاشف اور انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے صدر فرخ حبیب سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ چوہدری سرور نے کہا کہ میری زندگی کی سب سے بڑی خواہش یہ ہے کہ اس ملک میں ہم ایسا نظام لائیں جس میں عام آدمی کو بھی صحت ‘ تعلیم سمیت تمام بنیادی سہولتیں میسر ہوں اور دنیا بھر میں ایسی جمہوریت ہے جس میں غریب کا بچہ بھی صدر ،وزیر اعظم سے لے کر کونسلر اور وزیر اورمشیر بھی بن سکتا ہے اور تحریک انصاف نے بھی یہ فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ انتخابات میں مخصوص نشستوں پر صرف ایسی خواتین کو آگے لایا جائے گا جن میں ٹیلنٹ ہوگا ۔

کسی کی رشتہ دار کو ٹکٹ نہیں دی جائے گی اور جہاں تک ممکن ہو سکا جنرل نشستوں پر بھی کارکنوں کو ٹکٹ دئیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کی انتخابی مہم پولیس اور پٹواریوں سمیت حکومت کی ساری مشینری چلاتی ہے اور بلدیاتی انتخابات سے قبل کنٹونمنٹ بورڈ کے ایریا میں (ن) لیگ نے اپنے اراکین کو 12ارب روپے کے فنڈز جاری کر دئیے ہیں جو دھاندلی کے زمرے میں آتے ہیں۔

دنیا میں کہیں بھی وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کو یہ حق نہیں کہ وہ مالی معاملات کے فیصلے کرے اسکے لئے فنانس کمیشن ہوتا اور تحریک انصاف اقتدار میں آکر ضلع او رتحصیل کی سطٰح پر فنانس کمیشن قائم کرے گی اور تمام مالی وسائل منصفانہ انداز میں تقسیم کئے جائیں گے ۔ چوہدری سرور نے کہا کہ ملک کو چلانے کے لئے ہزاروں نہیں صرف دو درجن ایماندار لوگ کافی ہیں اگر ملک کو یہ ایماندار لوگ مل جائیں تو ملک کی تقدیر کو دنوں میں بدلا جا سکتا ہے۔

اس میں کوئی شک نہیں تحریک انصاف کے کارکنان اور عوام کی جانب سے تحریک انصاف کی قیادت سے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کو تو لوگ صرف برا بھلا کہتے ہیں اگر تحریک انصاف پہلے سو دنوں میں عوام کو ڈلیور نہ کر سکی تو عوام اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے ہاتھ ہمارے گریبانوں پر ہوں گے اس لئے تحریک انصاف ہر صورت اقتدار میں آنے کے بعد ملک کو مکمل طور پر شفاف انداز میں چلائے گی اور پہلے سو دنوں میں ہی ہماری کارکردگی عوام کے سامنے آئے گی ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات