آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ ، میزبان آسٹریلیا اور نیوزی لینڈکے درمیان فائنل پرسوں میلبورن میں کھیلا جائے گا

جمعہ 27 مارچ 2015 11:02

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ ، میزبان آسٹریلیا اور نیوزی لینڈکے درمیان فائنل ..

میلبورن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27مارچ۔2015ء) آئی سی سی ورلڈ کپ کا فائنل میچ میزبان ملک آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان پرسوں اتوارکومیلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔میگا ایونٹ میں فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی دونوں مضبوط ٹیمیں میلبورن میں پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 8 بجے مدمقابل ہوں گی، نیوزی لینڈ نے ورلڈ کی تاریخ میں پہلی بار فائنل تک رسائی حاصل کی ہے اس لئے وہ ٹائٹل اپنے نام کرنے کے لئے بھی ایڑی چوٹی کا زور لگائے گی، بیٹنگ کے شعبے میں کپتان برینڈن میک کولم، مارٹن گپٹل، گرانٹ ایلیٹ اور کورے اینڈرسن آسٹریلیا کے لئے خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں جب کہ موجودہ ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے ٹرینٹ بولٹ، ٹم ساوٴتھی اور ڈینئل ویٹوری پر نیوزی لینڈ کا زیادہ انحصار ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب آسٹریلیا بھی پانچویں بار ورلڈ چیمپئن بننے کی خواہش لے کر کیویز پر پوری طاقت سے جھپٹے گا اور اگر میگا ایونٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے اسٹیون اسمتھ، گلین میکس ویل اور شین واٹسن کا بیٹ چل گیا تو وہ کیوی بالروں کی ناک میں دم کرسکتے ہیں جب کہ بولنگ کے شعبے میں مچل اسٹارک، مچل جانسن اور جوش ہیزل ووڈ وکٹیں لینے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو کیویز کی مضبوط بیٹنگ لائن کو بھی اکھاڑ سکتے ہیں۔

آئی سی سی ورلڈکپ 2015ء کی فاتح ٹیم کو 37 لاکھ 75ہزارڈالرملیں گے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ایگزیکٹو بورڈ نے ورلڈکپ 2015ء کی انعامی رقم میں20 فیصد اضافے کی منظوری دی تھی۔ فروری مارچ میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ میں کھیلے جانیوالے میگاایونٹ کی مجموعی انعامی رقم ایک کروڑ ڈالرہوگی۔ نئے فیصلے کے مطابق فاتح ٹیم اگرکوئی میچ ہارے بغیر چیمپئن بنی تو اسے چالیس لاکھ بیس ہزارڈالرز دیئے جائیں گے۔

ایک میچ ہارکر چیمپئن بننے پر فاتح ٹیم انتالیس لاکھ پچھہتر ہزار ڈالرز کی مالک بن جائیگی۔ رنرز اپ ٹیم سترہ لاکھ پچاس ہزار ڈالرز حاصل کریگی۔ فائنل کے ٹائی یا غیر فیصلہ کن رہنے پر دونوں فائنلسٹ مشترکہ چیمپئن قرار دیئے جائیں گے۔واضح رہے کہ پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقا کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی جب کہ دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے بھارت کو 95 رنز سے شکست دے کر اس کا غرور خاک میں ملایا۔