برطانیہ نے قوانین کی مبینہ خلاف ورزی پر پی آئی اے کو پیلا کارڈ جاری کر دیا

جمعہ 27 مارچ 2015 14:18

برطانیہ نے قوانین کی مبینہ خلاف ورزی پر پی آئی اے کو پیلا کارڈ جاری ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27مارچ2015ء) برطانوی قوانین کی مبینہ خلاف ورزیوں پر ہیتھرو ایئرپورٹ نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کو 'پیلا کارڈ' جاری کر دیا ہیتھروبارڈر فورس نے پی آئی اے کو پیلی کٹیگری ان کریو ممبر کی وجہ سے دی ہے جو کہ مبینہ طور پر ممنوعہ یا پھر ذاتی حیثیت میں اجازت سے زیادہ اشیاءساتھ لے کر آتے ہیں ۔کسی بھی ایئرپورٹ پر ایک ایئر لائن کو تین درجے ہرا (اطمینان بخش)، پیلا (وارننگ) اور سرخ( آپریشن روکنے) دیے جاتے ہیں۔

ائیرپورٹ حکام نے واضح طور پر پی آئی اے کو تنبیہ دیتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والی ایجنسی کے طور پر بارڈر فورس سنگین خلاف ورزیوں کے مرتکب لوگوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کرے گی۔ہیتھرو حکام نے پی آئی اے کے نام خط میں کہاہے کہ ائیر لائن کا کچھ عملہ بطور کریو بارڈر فورس پالیسی یا برطانوی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پایا گیااور حالیہ مہینوں میں کئی ایسے موقع آئے جب غیر مجاز لوگ عمارت 820میں ہیتھرو کریو کلیئرنس سہولت استعمال کرنے کی ناکا کوشش کرتے پائے گئے ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ کچھ ایسے لوگ بھی سامنے آئے جو ممنوعہ سامان ساتھ لے جانے کی کوشش کر رہے تھے۔ ہم نے تمام ائیر لائنز کو متعدد مرتبہ یاد دہائی بھجوائی کہ ہیتھرو پر اس سہولت سے کون کون استفادہ کر سکتا ہے۔ائیرپورٹ انتظامیہ نے پی آئی اے سے کہا کہ وہ اپنے عملے کو واضح کر دے کہ آئندہ برطانیہ پہنچنے پر بارڈر کنٹرول کے قوانین اور پالیسی کی خلاف ورزیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

خط کے متن میں کہاگیاہے کہ پی آئی اے ان ائیر لائنز میں شامل ہے جو کسٹم کلئیرنس قوانین کو خاطر میں لاتی۔ اگر مستقبل میں بھی ایسا ہوتا رہا تو عمارت 820 میں کریو کلئیرنس سہولت واپس لے لی جائے گی، جس کے بعد یہاں آنے والے پی آئی اے کریو کو عام مسافروں کی طرح پیسنجر ٹرمینل سے کلئیرنس کروانا پڑے گی۔پی آئی اے کے حنیف رانا نے بتایا کہ ائیر لائن نے معاملہ کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ عملے کو سخت ہدایات جاری کر دی ہیں۔

متعلقہ عنوان :