ایل این جی کی درآمد کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے، مہنگی گیس عوام کو فروخت نہیں کرنے دیں گے، ایل این جی منصوبے پر ہمیں اعتماد میں نہیں لیا گیا، مسئلے کو مشترکہ مفادات کونسل میں اٹھایا گیا لیکن اس کا کوئی جواب نہیں ملا،وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کا پریس کانفرنس سے خطاب

جمعہ 27 مارچ 2015 20:10

ایل این جی کی درآمد کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے، مہنگی ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 مارچ۔2015ء) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے ایل این جی درآمد کرنے کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے۔ مہنگی گیس عوام کو فروخت نہیں کرنے دیں گے۔ ایل این جی درآمد کرنے کے فیصلے پر70 فیصد گیس پیدا کرنے والے صوبہ سندھ کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ اس فیصلے پر سندھ حکومت سے کوئی مشاورت بھی نہیں کی گئی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ ہاوس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سید قائم علی شاہ نے کہاکہ ایل این جی کی تقسیم اور اس کی قیمتوں کے تعین کا بھی کوئی فارمولا طے نہیں کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ وفاقی حکومت مہنگے داموں خریدے جانے والی ایل این جی سندھ کو فروخت کرے گی لیکن وہ ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ ایل این جی کی خریدو فروخت کے مسئلے کو مشترکہ مفادات کونسل میں اٹھایا گیا لیکن اس کا کوئی جواب نہیں ملا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ایل این جی اور مقامی گیس کو مکس کر کے فروخت کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے جس سے ہماری گیس ہمیں ہی مہنگے ملے گی۔ وفاقی حکومت کی اس ناانصافی پر سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے۔