’’موقع ، موقع ‘‘ کا اشتہار بھارتی کرکٹ بورڈ کیلئے درد سر بن گیا

ہفتہ 28 مارچ 2015 13:37

’’موقع ، موقع ‘‘ کا اشتہار بھارتی کرکٹ بورڈ کیلئے درد سر بن گیا
نئی دہلی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار28مارچ ۔2015ء ) ورلڈ کپ 2015ء میں پاکستان اور بھارت کے مابین میچ سے قبل وہ اشتہار تو سب نے دیکھا ہوگا جس میں ایک پاکستانی خاندان میگا ایونٹ میں پاکستان کی بھارت کیخلاف جیت کی آس لیے سال ہا سال گزار دیتا ہے ۔ ہندوستانی میڈیا پر نشر کیے جانے والے 'موقع موقع' کے اس طنزیہ اشتہار نے سوشل میڈیا پر تو تہلکہ مچایا ہی تھا، لیکن سیمی فائنل میں ہندوستان کی آسٹریلیا سے 95 رنز سے شکست کے بعد انڈین کرکٹ بورڈ کے دفتر میں بھی 'موقع موقع' نے خوب کھلبلی مچائی۔

ہندوستان کے مقامی اخبار کے مطابق اپنے پرسکون کمروں میں بیٹھے بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا کے ملازمین اس وقت ہل گئے جب جمعہ کو انھیں پاکستان اور بنگلہ دیش سے سیمی فائنل میں ہندوستانی شکست کا مذاق اڑاتی ہوئی تقریباً 200 فون کالز موصول ہوئیں۔

(جاری ہے)

جیسے ہی انڈین کرکٹ بورڈ کا سٹاف کوئی فون اٹھاتا، دوسری جانب سے آواز آتی: 'موقع موقع ! کیا ہوا موقعے کا؟ ایک سٹاف ممبر کے مطابق یہ پر جوش لوگ انڈیا کی شکست پر بہت خوش تھے اور انھوں نے اپنے مذاق کا نشانہ ہمیں بنایا، لیکن ایک حد کے بعد یہ مذاق ہمارے لیے پریشان کن ہوگیا۔

اگرچہ وہ اشتہار مشہور تھا لیکن مجھے امید نہیں تھی کہ اس کا خمیازہ ہمیں اس طرح سے بھگتنا پڑے گا۔ مذکورہ اسٹاف ممبر نے مزید بتایا کہ کرکٹ بورڈ کا نمبر ویب سائٹ پر دیا گیا ہے ۔ جمعے کو شام 4 بجے سے کالز آنا شروع ہوگئیں، جس کے بعد انڈین کرکٹ بورڈ نے ٹیلیفون لائنیں منقطع کرنے کا فیصلہ کیا'۔ ہم نے ٹیلیفون کمپنی سے ان نمبروں کو ٹریس کرنے کا کہا، جس کے ذریعے معلوم ہوا کہ زیادہ تر کالز بنگلہ دیش سے کی گئیں جبکہ بقیہ پاکستان سے۔ اسٹاف رکن نے مزید بتایا کہ 'بی سی سی آئی کو زیادہ تر کالز میچوں کے شیڈول یا ٹکٹوں کی دستیابی کے حوالے سے آتی ہیں، تاہم یہ پہلی مرتبہ تھا کہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی 'خراب کارگردگی' کا مذاق اڑانے کے لیے ہمیں بیرون ملک سے کالز موصول ہوئیں۔
’’موقع ، موقع ‘‘ کا اشتہار بھارتی کرکٹ بورڈ کیلئے درد سر بن گیا

متعلقہ عنوان :