صولت مرزا کی پھانسی پھر رُک گئی

ہفتہ 28 مارچ 2015 16:04

صولت مرزا کی پھانسی پھر رُک گئی

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مارچ2015ء) صدر ممنون حسین نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم ) کے کارکن صولت مرزا کی پھانسی میں تیس دن توسیع کی منظوری دے دی ہے۔ صولت مرزا کی پھانسی میں توسیع کی دستخط شدہ سمری وزیر اعظم ہاوس کو ارسال کردی گئی ہے، جس کےمطابق صولت مرزا کو اب 30 اپریل کو پھانسی دی جائے گی۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز وزیراعظم نواز شریف نے صولت مرزا کی پھانسی ایک ماہ کے لیے موخر کرنے کے حوالے سے ایڈوائس صدر کوبھجوائی تھی۔

یہ دوسری مرتبہ ہے کہ صولت مرزا کی سزا موخرکی گئی ہے۔ کراچی سے تعلق رکھنے والے مجرم صولت مرزا کی پھانسی پہلی بار 19 مارچ کو موخر کی گئی جب پھانسی سے محض چند گھنٹے قبل ان کی ایک ویڈیو سامنے آئی، جس میں متحدہ قومی موومنٹ کے حوالے سے چونکا دینے والے انکشافات کیے گئے تھے۔