دھرماسینا کے نام انوکھا اعزاز

ہفتہ 28 مارچ 2015 16:30

دھرماسینا کے نام انوکھا اعزاز

میلبرن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مارچ2015ء) سری لنکن امپائر کمار دھرماسیناکو میلبرن میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ فائنل میچ کے لئے امپائر منتخب کر لیا گیا ہے جس کے ساتھ ہی وہ ورلڈ کپ میں ایک انوکھے اعزاز کے مالک بھی بن گئے ہیں۔ آئی سی سی نے اتوار کو نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان میلبرن میں ہونے والے فائنل میچ کے لیے دھرماسینا کے ساتھ ساتھ انگلینڈ کے رچرڈ کیٹل برو کو امپائرنگ کے فرائض سونپے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

لیکن دھرماسینا کو جہاں ورلڈ کپ میچ میں امپائرنگ کا اعزاز حاصل ہوا، وہیں وہ اس کے ساتھ ساتھ ایک اور منفرد اعزاز کے مالک بھی بن گئے ہیں۔ یاد رہے کہ امپائرنگ سے قبل دھرما سینا سری لنکن ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ وہ 1996 کا ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ بھی رہ چکے ہیں۔ اپنے دور کے مشہور سری لنکن آل راؤنڈر نے 31 ٹیسٹ اور 141 ایک روزہ میچوں میں سری لنکن ٹیم کی نمائندگی کی۔

یاد رہے کہ آج تک کرکٹ کی تاریخ میں کسی بھی کھلاڑی کو بحیثیت امپائر اور کھلاڑی فائنل میچ میں شرکت کرنے کا اعزاز نہیں مل سکا لیکن دھرماسینا یہ کارنامہ انجام دینے والے اب تک واحد شخص ہیں۔ انہیں شاندار امپائرنگ پر 2012 میں سال کے بہترین امپائر کی ڈیوڈ شیفرڈ ٹرافی سے بھی نوازا جا چکا ہے۔