میلبورن کے بڑے گراؤنڈ اورآسٹریلین ٹیم سے خوفزدہ نہیں،ٹم ساؤتھی

ہفتہ 28 مارچ 2015 17:41

میلبورن کے بڑے گراؤنڈ اورآسٹریلین ٹیم سے خوفزدہ نہیں،ٹم ساؤتھی

میلبورن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مارچ2015ء)نیوزی لینڈکرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر ٹم ساؤتھی نے کہا ہے کہ ہم نہ میلبورن کرکٹ گراؤنڈ کے بڑے سائز سے پریشان ہیں اور نہ ورلڈ کپ فائنل میں آسٹریلیاکا مقابلہ کرنے سے خوف زدہ ہیں۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ٹموتھی ساؤتھی نے کہا کہ ہم کئی سال بعد ایم سی جی میں کھیل رہے ہیں اور ٹیم کے چھ کھلاڑیوں کو یہاں انٹر نیشنل میچ کھیلنے کا اعزاز حاصل ہے۔

(جاری ہے)

کپتان برینڈن میک کولم ورلڈ کپ کی اہمیت کے بارے میں ٹیم کو بتاتے رہے ہیں اورکھلاڑیوں کو امید ہے کہ انہیں ان کے بچپن کے خواب کی تعبیر ملے گی۔انہوں نے کہاکہ ایک لاکھ تماشائیوں کے سامنے کھیلنا کوئی نئی بات نہیں ہے۔ ہم اس سے قبل بڑے بھارتی گراؤنڈز میں بڑے مجمع کے سامنے کھیل چکے ہیں۔اس لئے بڑے گراؤنڈ کے چیلنج کا سامنا کرنے کو تیار ہیں۔گذشتہ میچ میں میلبورن میں تمام کھلاڑیوں کی خوشگوار یادیں وابستہ ہیں۔