Live Updates

مہذب و پرامن معاشرے کی تشکیل اور انتہاپسندی کے رجحانات میں کمی لانے کیلئے تعلیم موثر ترین ہتھیار ہے ‘شہبازشریف،

پنجاب سکولز ریفارمز روڈمیپ کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آ رہے ہیں، سکولوں میں سہولیات، اساتذہ اور طلبا کی حاضری بہتر ہوئی ہے، سال 2018ء تک کے مقررہ تعلیمی اہداف کے حصول کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے، ٹیم ورک کے طور پر کام کیا جائے بہترین کارکردگی دکھانے والے 3 اضلاع کے ڈی سی اوز اور ای ڈی اوز ایجوکیشن کی بھرپور حوصلہ افزائی جبکہ غیرتسلی بخش کارکردگی پر بازپرس ہوگی، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس، پنجاب سکولز ریفارمز روڈمیپ پر عملدرآمد پر اظہار اطمینان، پنجاب حکومت کے تعلیمی شعبے کی بہتری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کو بھارت میں سراہا جا رہا ہے‘ نمائندہ خصوصی ڈیفڈ سر مائیکل باربر

ہفتہ 28 مارچ 2015 18:10

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مارچ2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب سکولز ریفارمز روڈمیپ پر عملدرآمد کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آ رہے ہیں،سکولوں میں تعلیمی سہولیات ، اساتذہ اور طلبا کی حاضری میں خاطرخواہ بہتری آئی ہے، پنجاب ہیلتھ ریفارمز روڈمیپ کی طرح سکولز ریفارمز روڈمیپ پر عملدرآمد کے حوالے سے سزا اور جزا کے نظام کو پوری طرح اپنایا جائے،تعلیمی اہداف کے حصول میں بہترین کارکردگی دکھانے والے 3 اضلاع کے ڈی سی اوز اور ای ڈی اوز ایجوکیشن کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی، غیر تسلی بخش کارکردگی پرمتعلقہ اضلاع کے افسران کی بازپرس ہوگی، 2018ء تک کے مقررہ تعلیمی اہداف کے حصول کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے، نئی نسل کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے وسائل کی فراہمی اخراجات نہیں بلکہ ملک کے تابناک مستقبل کیلئے سودمند سرمایہ کاری ہے، فروغ تعلیم کیلئے وسائل کی فراہمی میں کمی نہیں آنے دیں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار یہاں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں پنجاب سکولز ریفارمز روڈمیپ پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور پروگرام پر عملدرآمد کی رفتار پر اطمینان ا ظہار کیا گیا۔ برطانیہ کے بین الاقوامی ترقیاتی ادارے ڈیفڈ کے خصوصی نمائندے سرمائیکل باربر نے پنجاب سکولز ریفارمزڈ روڈمیپ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو درپیش دہشت گردی، انتہاپسندی، غربت اور بے روزگاری جیسے مسائل پر قابو پانے کیلئے تعلیم کا فروغ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ مہذب و پرامن معاشرے کی تشکیل اور انتہاپسندی کے رجحانات میں کمی لانے کیلئے تعلیم موثر ترین ہتھیار ہے۔ تعلیم کی اسی اہمیت کے پیش نظر پنجاب حکومت نے صوبے کے کونے کونے میں علم کی کرنیں بکھیرنے کیلئے انتہائی موثر اقدامات کئے ہیں۔

پنجاب سکولز ریفارمز روڈمیپ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے اور اس پروگرام پرموثر عملدرآمد کے ذریعے تعلیم عام کرنے میں مدد مل رہی ہے۔شعبہ تعلیم کی بہتری کیلئے اربوں روپے کے وسائل دیئے ہیں اور آئندہ بھی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اہداف کے حصول کیلئے انتھک محنت اور ٹیم ورک کے طور پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ صوبائی وزیر تعلیم اور سیکرٹری سکولز ایجوکیشن کم ٹارگٹ حاصل کرنے والے اضلاع کے دورے کریں اور ان اضلاع میں سکولز ریفارمز روڈمیپ پروگرام پر عملدرآمد کی رفتار مزید تیز کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی تدریسی صلاحیت بڑھانے کیلئے مربوط اور موثر ٹیچرز ٹریننگ پروگرام انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس پروگرام پر عملدرآمد سے سکولوں میں تعلیمی معیار کو بھی بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ 2018ء تک کے تعلیمی اہداف کے حصول میں بھی ٹیچرز ٹریننگ پروگرام معاون ثابت ہو سکتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سکولوں میں کوالٹی ایجوکیشن پر بھرپور توجہ دی جائے۔

اساتذہ کی تربیت کے حوالے سے مربوط نظام وضع کرکے فوری عملدرآمد کیا جائے۔ تحصیل اور ضلع کی سطح پر اساتذہ کیلئے جدید تربیت کے ساتھ ریفریشر کورسز کا اہتمام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پرفارمنس مینجمنٹ پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ پنجاب حکومت نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے اربوں روپے کے لاکھوں لیپ ٹاپ میرٹ پر تقسیم کئے ہیں۔

طلبا و طالبات کو میرٹ پر ٹیبلٹس دینے کا پروگرام بھی بنایا گیا ہے۔ پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں ڈیجیٹل لائبریریوں کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کے فروغ کیلئے پنجاب حکومت کے تمام اقدامات صوبے میں علم کی کرنیں پھیلانے میں ممد و معاون ثابت ہو رہے ہیں۔ ڈیفڈ کے خصوصی نمائندے سر مائیکل باربر نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی قیادت میں سکولز ریفارمز روڈمیپ کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے۔

پنجاب حکومت کے صوبے میں معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات بارآور ثابت ہو رہے ہیں اور ان اقدامات کو بھارت میں بھی تعلیمی شعبے کی بہتری کیلئے سراہا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف اور ان کی ٹیم عزم اور جذبے کے ساتھ تعلیم کے میدان میں انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد، چیف سیکرٹری، چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن، ایم پی اے انجینئر قمرالاسلام، پارلیمانی سیکرٹری برائے ایجوکیشن مسز جوائس روفن جولیس، وائس چیئرمین پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ، متعلقہ سیکرٹریز ، ماہرین تعلیم اور پنجاب سکولز روڈمیپ پر عملدرآمد کرنے والی ڈیفڈ کی ٹیم کے اراکین نے اجلا س میں شرکت کی۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات