نوجوان کاروباری افراد کو مستحکم کرنے کے لئے حکومت اور نجی سیکٹر کی شراکت ناگزیر ہے‘ڈاکٹر عمر سیف،

پلانایکس کیلئے حکومتِ پنجاب ایک ارب روپے فراہم کریگی ،46کروڑ روپے کیلئے نجی سرمایہ کاروں کو باضابطہ شراکت کی دعوت دی جا رہی ہے

ہفتہ 28 مارچ 2015 20:44

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مارچ2015ء) پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ پی آئی ٹی بی کے تربیتی پروگرام پلان 9کے اگلے مرحلے پلان ایکس کی کامیابی کے لئے ضروری ہے کہ نجی سرمایہ کار ، صنعت کار اور تاجر برادری حکومت کے ساتھ شراکت داری کرے تاکہ ان نو آموز افراد کے کاروبار کو دیرپا اور مستحکم بنیاد فراہم ہو سکے۔

وہ یہاں اپنے دفتر میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں، صنعتکاروں اور تاجروں کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں اظہار خیال کر رہے تھے۔ اجلاس میں سابق وفاقی وزیر خزانہ سلمان شاہ، کراچی سٹاک ایکسچینج کے مینجنگ ڈائریکٹر ندیم نقوی، ممتاز صنعتکار اعظم سہگل، شہریار علی سمیت پاکستان، جنوبی افریقہ اورترکی کے اہم سرمایہ کاروں نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ چند سال سے پاکستان میں پلان9 جیسے پلیٹ فارم نوجوانوں کو اپنا ذاتی کاروبار شروع کرنے کے لئے ترغیب دینے میں اہم کردار ادا کرتے نظر آئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف روزگار کے مواقع بڑھے ہیں بلکہ بیرونی سرمایہ کاری اور زرمبادلہ میں بھی اضافہ ہوا ہے۔اس سے سازگار کاروباری ماحول میں اضافہ ہو نے کے ساتھ نئے انٹر پریونرز کا ایک مضبوط نیٹ ورک بھی قائم ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی ٹی بی نے اب تک اپنے سٹارٹ اپ پروگرام پلان9 کے ذریعے جن نوجوانوں کو کمپنیاں بنا کر دی ہیں انکو مزید آگے بڑھانے کے لئے پلانx شروع کیا گیا ہے جس کے لئے حکومتِ پنجاب ایک ارب روپے فراہم کرے گی جبکہ مزید46کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کے لئے نجی سرمایہ کاروں کو باضابطہ شراکت کی دعوت دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سے ہمارے تربیتی پروگرام کا دائرہ ء کار وسیع ہو گا اور اس سے زیادہ نوجوان مستفید ہو سکیں گے۔ شرکائے اجلاس نے پلانx میں سرمایہ کاری میں کافی دلچسپی ظاہر کی۔ ڈاکٹر عمر سیف اور پلان 9کے پراجیکٹ ڈائریکٹر نبیل قدیر نے اس موقع پر شرکا ء کے سوالوں کے جواب بھی دیے۔

متعلقہ عنوان :