Live Updates

محض سڑکوں اور پلوں کی تعمیر سے قومیں نہیں بنتیں،عمران خان،

عوام کو انصاف اورآسانیاں فراہم کرنے سے قومیں مضبوط ہوتی ہیں، خیبر پختونخوا میں تھانہ ، کچہری ،پٹوار کلچر اور پولیس نظام میں اصلاحات لاکر عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف مہیا کر یں گے ،ریونیو ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کر کے خیبر پختونخوا کے عوام کو پٹواری کے ظلم وستم سے آزاد کررہے ہیں نواز شریف کو نیا خیبر پختونخوا س لیے نظر نہیں آرہا ،وہ یہاں بھی 50 ارب کا میٹر وجیسا منصوبہ شروع کر کے کمشن بنانے کو ترقی کہتے ہیں ،سڑکیں اور انڈرپاسز بنانا سیاست کہلاتا تو ملک ریاض سب سے بہتر یہ کام کر تے ہیں ،چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کامردان میں تقریب سے خطاب

ہفتہ 28 مارچ 2015 20:47

محض سڑکوں اور پلوں کی تعمیر سے قومیں نہیں بنتیں،عمران خان،

مردان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مارچ2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ محض سڑکوں اور پلوں کی تعمیر سے قومیں نہیں بنتی بلکہ عوام کو انصاف اورآسانیاں فراہم کرنے سے قومیں مضبوط ہوتی ہیں خیبر پختونخوا میں تھانہ ، کچہری ،پٹوار کلچر اور پولیس نظام میں اصلاحات لاکر عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف مہیا کر یں گے ۔ریونیو ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کر کے خیبر پختونخوا کے عوام کو پٹواری کے ظلم وستم سے آزاد کررہے ہیں نواز شریف کو نیا خیبر پختونخوا س لیے نظر نہیں آرہا کیونکہ وہ یہاں بھی 50 ارب کا میٹر وجیسا منصوبہ شروع کر کے کمشن بنانے کو ترقی کہتے ہیں جبکہ ہم عوام کو سہولتیں فراہم کرنے کو ترقی کہتے ہیں سڑکیں اور انڈرپاسز بنانا سیاست کہلاتا تو ملک ریاض سب سے بہتر یہ کام کر تے ہیں ۔

(جاری ہے)

مردان سے لینڈ کمپیوٹرائزیشن کے جس کام کا آغاز کیا ہے انشاء اللہ 2017 کے آخر تک صوبے کے تمام اضلاع میں ریوینو ریکارڈ کو کمپیوٹرائز کر کے عوام کو زمین کے جھگڑوں سے نجات دلا دیں گے ۔وہ ہفتے کے روز مردان میں لینڈ ریکارڈ کے کمپیوٹرائزیشن کی تکمیل کے بعد سروس ڈیلیوری سنٹر کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔تقریب سے صوبائی وزیر مال علی امین گنڈہ پور ، صوبائی وزیر تعلیم عاطف خان ،یو این ہیبٹیٹ کی مس بیلا نے بھی خطاب کیا ۔

تقریب میں سماجی بہبود کے لیے وزیر اعلیٰ کی معاون خصوصی ڈاکٹر مہرتاج روغانی ، ممبران صوبائی اسمبلی عبید مایار ، طفیل انجم ، جمشید خان مہمند، قومی اسمبلی کے ارکان علی محمد خان اور مجاہد خان ، ثقافت وکھیلوں کے پارلیمانی سیکرٹری زاہد درانی، ایم پی ایز افتخار علی مشوانی ، سیکرٹری آئی ٹی فرح حامد، سینیئر ممبر بورڈ آف ریونیو وقار ایوب ، کمشنر مردان خالد حسین ، ڈپٹی کمشنر شاہداللہ خان اور دوسرے حکام کے علاوہ معززین علاقہ اور پی ٹی آئی کے ورکرز بھی بڑی تعداد میں موجود تھے ۔

عمران خان نے کہا کہ ماضی میں پٹواریوں کے ذریعے سیاسی لوگ اربوں روپے کماتے تھے یہی لو گ اس پرانے فرسودہ نظام کو بدلنے میں روکاوٹ ہیں پی پی پی کو سندھ میں مسلم لیگ کو پنجاب میں چھ با ر حکومت بنانے کا موقع ملا اسی طرح دونوں جماعتیں تین تین با رمرکز میں بر سر اقتدار رہی لیکن یہ لوگ نظام بدلنا چاہتے ہی نہیں کیونکہ اس نظام سے یہ پیسہ بناتے ہیں اگر یہ لوگ عوام کو آسانیا ں دیں گے تو کرپشن ختم ہوگی اور ان کا پیسہ نہیں بنے گا ۔

عمران خان نے کہا کہ مغرب میں سب کچھ کمپیوٹرائز ڈ ہے وہاں زمینوں کا کو ئی جھگڑا نہیں یہاں بھی ہم نے اس کام کا آغاز کردیا ہے اس حوالے سے اُنہوں نے وزیر مال علی امین گنڈہ پور، ای ایم بی آر وقار ایوب اور اس منصوبے میں تکنیکی معاونت کر نے والے ادارے یو این ہیبٹیٹ کی مس بیلا اور دیگر حکام اور اہلکاروں کی کارکر دگی کی تعریف کیاور کیا کہ شروع میں اس نظام میں خامیاں ضرور نکلیں گی جن کا وقت کے ساتھ تدارک کیا جائے گا لیکن یہ امر حتمی ہے کہ اب کسی کی زمین میں پٹواری یا دیگر عملہ گڑ بڑ نہیں کر سکے گا کیونکہ نہ صرف ریکارڈ کو کمپیوٹرئزڈ کیا جا رہا ہے بلکہ جی آئی ایس کے ذریعے زمینوں کی سیٹلائٹ کے ذریعے نگرانی کی جائے گی جس سے اب کو ئی کسی زمین کو ادھع اُدھر نہیں کر سکے گا ۔

ان کا کہنا تھا کہ 2017 تک خیبر پختونخوا ملک کا پہلا صوبہ بن جائے گا جس کا تمام ریونیو ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کر دیا جائے گا اور زمینوں کی خرید فروخت اور تقسیم کے تمام جھگڑے ختم ہوجائیں گے ۔تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ صوبے میں آن لائن ایف آئی آر سسٹم لاگو کیا گیا جبکہ تھانوں میں تنازعات نمٹانے کی کونسلیں قائم کی گئی ہیں جس سے اب زیادہ تر تنازعات عدالتوں میں جانے کی بجائے مقامی طور پر حل ہوں گے اور عوام کے وقت اور پیسے کی بچت ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے محکمہ تعلیم کے دفاتر اور صحت کی سہولیات میں عملے کی حاضری کو یقینی بنانے کے لیے بائیو میٹرک سسٹم کی تنصیب کی ہے جس سے ان اداروں کی کارکر دگی بہتر ہوگی اور عملہ اور افسران کا احتساب بھی ممکن ہوگا ۔عمران خان نے کہا کہ شوکت خانم ہسپتال پشاور میں ان تمام خامیوں سے گریز کیا جارہاہے جس کا تجربہ ہمیں لاہور میں ہوا ہے اور یہ انشاء اللہ لاہور سے بھی زیادہ جدید ہسپتال ہوگا ۔

ہم خیبر پختونخوا میں سرکاری ہسپتالوں کی حالت بہتر بنا رہے ہیں اور اس کام کی ابتدا ء لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور سے کی جائے گی اور تین مہینے کے اندر ایل آر ایچ کو صوبے کا ایک مثالی ہسپتال بنا دیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ سیاسی مداخلت سے اداروں کی تباہی ہوتی ہے ہم اداروں کو سیاسی مداخلت سے پاک کر رہے ہیں اور دیگر اداروں کی طرح خیبر پختونخوا میں یونیورسٹیوں کو بھی سیاست سے پاک کیا جارہاہے اور اس سلسلے میں وائس چانسلروں کی میرٹ پر تقرری اور دیگر اصلاحات کے لیے ایچ ای سی کے سابق سربراہ ڈاکٹر عطاء الرحمان کی خدمات حاصل کی گئی ہیں ۔

قبل ازیں عمران خان نے سروس ڈیلیوری سنٹر کا باضابطہ افتتاح کیا اور اس کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو وقار ایوب نے ان کو ریونیو ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن اور اس سنٹر میں اس حوالے سے عوام کو دی جانے والی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات