بیواؤں ،پنشنرز اورسینئر سٹیزنز کا یکم اپریل سے قومی بچت اسکیموں کے شرح منافع میں ممکنہ کمی پرتشویش کا اظہار

ہفتہ 28 مارچ 2015 21:31

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مارچ2015ء)بیواؤں ،پنشنرز اورسینئر سٹیزنز نے یکم اپریل سے قومی بچت اسکیموں کے شرح منافع میں ممکنہ کمی پرتشویش کا اظہار کیا ہے۔ شرح منافع میں کمی سے بچت اور سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی ہوگی۔ نئی مانیٹری پالیسی میں مرکزی بینک نے آئندہ دو ماہ کیلئے بنیادی شرح سود نصف فیصد کمی سے 8فیصد مقرر کی ہے۔

(جاری ہے)

اس کمی کے پیش نظر یکم اپریل سے قومی بچت کی مختلف اسکیموں پرشرح منافع میں بھی کمی کا امکان ہے۔

حکومت نے شرح سود میں ایک فیصد کمی کے بعد یکم فروری کو بھی بہبود سیونگ سرٹیفکیٹس اورپنشنرزبینیفٹ اکاؤنٹ کے شرح منافع میں نمایاں کمی کی تھی۔ اس وقت قومی بچت کی مختلف اسکیموں میں ایک لاکھ روپے سرمایہ کاری پرماہانہ 940روپے منافع ادا کیا جارہا ہے جو اس سے قبل 1280روپے تھا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ نیشنل سیونگ اسکیمزکے منافع میں مزید کمی سے بچت کی حوصلہ شکنی ہوگی۔