یمن میں محصور پاکستانیوں کے انخلاء کیلئے جامع پلان ترتیب دیدیا ہے: سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری

ہفتہ 28 مارچ 2015 23:23

یمن میں محصور پاکستانیوں کے انخلاء کیلئے جامع پلان ترتیب دیدیا ہے: ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔28مارچ۔2015ء) ‬‎ سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری کی جانب سے دفتر خارجہ میں ہنگامہ پریس کانفرنس میں بتایا گیا ہے کہ یمن میں محصور پاکستانیوں کے انخلاء کیلئے پاکستان کی جانب سے جامع پلان ترتیب دیدیا گیا ہے۔ یمن میں اس وقت صورتحال بہت مخدوش ہے، اس حوالے سے سعودی اور یمنی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں، صورتحال کا مزید جائزہ لینے کیلئے پاکستانی وفد اگلے 48 گھنٹوں میں سعودی عرب جائے گا۔

یمن کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر کرائسز سیل قائم کردیا گیا ہے۔ صنعا سے الحدیدہ کی جانب گامزن 600 پاکستانیوں کا قافلہ اگلے ساڑھے 3 گھنٹے میں پہنچ جانے کا امکان ہے۔ الحدیدہ میں پہلے سے ہی 200 پاکستانی موجود ہیں۔ الحدیدہ سے پاکستانیوں کے انخلاء کیلئے پی آئی اے کا طیارہ جلد از جلد پہنچانے کی ہرممکن کوشش کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ پاکستان نیوی کے 2 بحری جہاز بھی یمن روانہ کیے جائیں گے۔

سیکرٹری خارجہ نے مزید بتایا کہ یمن کے ایک اور علاقے عدن میں بھی کچھ پاکستانی محصور ہیں تاہم وہاں اس وقت شدید لڑائی جاری ہے جس کے باعث وہاں محصور پاکستانیوں کے انخلاء کیلئے لڑائی کے رکنے کا انتظار کیا جارہا ہے۔ یمن سے پاکستانیوں کے انخلاء کے حوالے سے جاری آپریشن کی وزیراعظم خود نگرانی کررہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :