آئی سی سی نے ورلڈ کپ کو ”سپر ہٹ“ قرار دے دیا

ایونٹ میں فائنل سے قبل تک 2 ڈبل سنچریاں بنیں، 7 مرتبہ انفرادی اسکور 150 سے آگے گیا جبکہ مجموعی طور پر 38 سنچریاں سامنے آ ئیں

اتوار 29 مارچ 2015 13:19

آئی سی سی نے ورلڈ کپ کو ”سپر ہٹ“ قرار دے دیا

میلبورن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29مارچ۔2015ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ورلڈ کپ کو ”سپر ہٹ“ قرار دے دیا، پاک بھارت مقابلے کے ناظرین کی تعداد ریکارڈ توڑ ثابت ہوئی، پہلی بار ڈبل سنچریاں بنیں، فائنل سے قبل تک 38 تھری فیگر اننگز سامنے آئیں، مقبولیت کے نئے ریکارڈز قائم ہوئے۔تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اعدادوشمار کے تناظر میں ورلڈ کپ 2015 کو انتہائی کامیاب قرار دیا ہے، اس ایونٹ میں فائنل سے قبل تک 2 ڈبل سنچریاں بنیں، 7 مرتبہ انفرادی اسکور 150 سے ا?گے گیا جبکہ مجموعی طور پر 38 سنچریاں سامنے آئیں۔

گذشتہ سات ہفتوں کے دوران آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں بیٹسمینوں کی مار دھاڑ عروج پر نظر ا?ئی جبکہ بولرز بھی پیچھے نہیں رہے، 28 مرتبہ چار یا زائد وکٹوں کا کارنامہ انجام دیا گیا، 2 ہیٹ ٹرکس ہوئیں۔

(جاری ہے)

کھلاڑیوں اور آفیشلز کی جانب سے پچز، آؤٹ فیلڈ اور ٹریننگ سہولیات کو سراہا گیا۔ بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان 22 فروری کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ پر منعقدہ میچ کے کراؤڈ کی تعداد 86 ہزار رہی۔

اس مرتبہ میگا ایونٹ زیادہ ممالک میں ناظرین نے دیکھا، مجموعی طور پر نشریات کیلیے44 لائسنس دیے گئے، 220 ممالک میں 7 زبانوں میں ایونٹ دکھایا گیا، پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ میں ناظرین کی تعداد کے ریکارڈز ٹوٹ گئے۔
صرف بھارت میں اس مقابلے کو 28 کروڑ 80 لاکھ افراد نے دیکھا۔ آسٹریلیا میں 2 کروڑ دس لاکھ لوگوں نے ٹی وی پر کینگروز کے ہاتھوں انگلش ٹیم کی پٹائی کا نظارہ کیا۔ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈو رچرڈسن کا کہنا ہے کہ یہ اعدادوشمار ایونٹ کی بے پناہ کامیابی کا ثبوت ہیں، یہ ورلڈ کپ دیکھنے اور کراؤڈ کے لحاظ سے کرکٹ تاریخ کا کامیاب ترین ایونٹ ثابت ہوا، اس مرتبہ کوریج کیلیے 1400 میڈیا ممبرز ایونٹ میں شریک ہوئے۔