بنک کی ملازمہ نے بنک خرید کر اس کا حلیہ ہی بدل ڈالا

اتوار 29 مارچ 2015 15:37

بنک کی ملازمہ نے بنک خرید کر اس کا حلیہ ہی بدل ڈالا

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔29مارچ۔2015ء)جس طرح کوئی اپنا پہلا پیار نہیں بھولتا ویسے ہی کوئی پہلی ملازمت بھی نہیں بھولتا، خاص کر خواتین تو بالکل نہیں بھولتی۔ کیتھی کالہون کی پہلی ملازمت 1972 میں ایک بنک دی نیشنل بنک آف سپرنگ فیلڈ سٹی میں لگی تھی۔ اس وقت کیتھی نوجوان تھی۔ اس نے 24 سال سپرنگ فیلڈ شہر کے بنک دی نیشنل بنک آف سپرنگ فیلڈ میں کام کیا۔

1872 میں شروع ہونے والے بنک نے 1989 میں کاروبار ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس پر کیتھی نے فیصلہ کیا کہ وہ بنک کی پراپرٹی خریدے گی۔ اس نے بنک کی پراپرٹی 52 ہزار ڈالر میں خرید لی۔ خریدنے کے بعد اس نے عمارت کو بجائے کاروباری مقاصد کے لیے استعمال کرنے کے اسے اپنے گھر کے طور پر استعمال کرنے کا سوچا۔ بنک کی اس عمارت کو اپنے خوابوں کے مطابق ڈھالنے میں کیتھی کو مزید 24 سال لگے۔

(جاری ہے)

کیتھی نے بہت سی چیزوں کو جوں کا توں چھوڑ دیا اور بہت کچھ بدل دیا۔ دوسری منزل پر واقع لاکر کو اس نے بار بنا لیا۔ نچلی منزل پر واقع لاکر کو ، جہاں ہوا کی آمدورفت کا کوئی راستہ نہیں، اس نے سٹیم باتھ بنا لیا۔ اس کے گھر میں ایک حصے میں بنک کے کھاتے اور بہت سی چیزیں بھی پڑی ہیں جو اسے اپنی نوکری کی یاد دلاتی ہیں۔گھر کے باہر لگی گھڑی کو بھی پرانی طرز پر بحال کر دیا گیا ہے۔ کیتھی نے بنک کے سب سے بڑے کمرے کو اپنا ماسٹر بیڈ روم بنا لیا ہے۔ اس کے گھر میں تین بیڈ روم اور بھی ہیں۔ تہہ خانہ اور دوسری جگہوں کو بھی زیر استعمال لایا جا سکتا ہے۔ کیتھی نے نئے گھر کا نام بھی بنک کی طرز پر ”کالہون فیڈرل“ رکھا ہے۔