لوڈ شیڈنگ کا عذاب عوام کے لیے پریشان کن ہے ، کاروباری مراکز وصنعتیں بند اور مزدور بے روزگاری کا شکار ہیں‘ منصوبوں پر اربوں روپے خرچ ہونے کے باوجود لوڈشیڈنگ ختم نہ ہونا تشویشناک ہے

مسلم لیگ( ق) کے رہنما و مسلم لیگ یوتھ ونگ کے مرکزی صدر سید بلال مصطفی شیرازی کا بیان

اتوار 29 مارچ 2015 16:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29مارچ۔2015ء) مسلم لیگ( ق) کے رہنما و مسلم لیگ یوتھ ونگ کے مرکزی صدر سید بلال مصطفی شیرازی نے کہا ہے کہ لوڈ شیڈنگ کا عذاب عوام کے لیے پریشان کن ہے ،بدترین لوڈ شیڈنگ سے کاروباری مراکزمیں کاروبار متاثر ہورہا ہے جبکہ صنعتیں بند ہونے سے مزدور بے روزگاری کا شکار ہیں اتوار کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ خاتمہ کے لیے حکمران جماعت کے وزراء اور حکومتی اداروں میں تضاد پایا جارہا ہے حکومتی عہدیدار لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کے لیے جن تاریخوں کی نوید عوام کو سنارہے ہیں وہ ان کی حکومت کی مدت کی تکمیل کا سال ہے جبکہ حکومتی ادارے اپنی رپورٹوں میں آنے والے سالوں میں بدترین لوڈشیڈنگ کی رپورٹ دے رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بجلی بحران کے خاتمہ کیلئے منصوبوں پر اربوں روپے خرچ ہونے کے باوجود لوڈشیڈنگ ختم نہ ہونا تشویشناک ہے۔

(جاری ہے)

بلال شیرازی نے کہا کہ توانائی بحران میں اضافہ ملکی وسائل کے استعمال کی بجائے آئی پیز پر انحصار اور بیرون ممالک سے بجلی کی درآمد کیلئے مہنگے منصوبوں کے باعث ہوا۔آئی پیز سے حاصل کردہ بجلی انتہائی مہنگی اور عوامی مفاد کے خلاف ہے کالا باغ ڈیم منصوبہ سستی بجلی کے حصول کا آسان ذریعہ اور پانی کے وافر ذخیرہ کا باعث ہوگا حکومت فی الفور کالا باغ ڈیم منصوبہ شروع کرے جس سے ڈیڑھ روپے والی3600میگا واٹ بجلی کے علاوہ سارا سال دریاؤں میں زراعت کے لیے وافر پانی بھی دستیاب رہے گا ۔

کالا باغ ڈیم منصوبہ جلد مکمل ہونے والے منصوبوں میں شامل ہے اس لیے فی الفور اس کی تعمیر کا آغاز کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :