ورلڈ کپ 2015 ء : مارٹن گپٹل بیٹنگ اور مچل سٹارک باؤلنگ کے شعبے میں سر فہرست

اتوار 29 مارچ 2015 17:03

ورلڈ کپ 2015 ء : مارٹن گپٹل بیٹنگ اور مچل سٹارک باؤلنگ کے شعبے میں سر فہرست
میلبورن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار29مارچ ۔2015ء ) آئی سی سی ورلڈ کپ 2015ء میں نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل نے بلے بازی اور آسٹریلوی فاسٹ باؤلر مچل سٹارک نے باؤلنگ کے شعبے میں تمام ٹیموں کو پیچھے چھوڑ دیا ۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ 2015ء میں نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل نے 9میچز کی 9اننگز میں 68.38کی اوسط سے 547رنز بنائے جس میں 2سنچریوں اور 1نصف سنچری کے ساتھ ویسٹ انڈیز کیخلاف کواٹر فائنل میں کھیلی گئی 237ناٹ آؤٹ کی ریکارڈ ساز اننگز بھی شامل تھی ۔

(جاری ہے)

گپٹل کے بعد ایونٹ کے کامیاب ترین بلے باز اپنا آخری ورلڈ کپ کھیلنے والے سری لنکا کے کمار سنگاکا را تھے جنہوں نے 7میچز کی 7اننگز میں 4سنچریوں کی مدد اور 108.20کی اوسط سے 541رنز سکور کیے ،پروٹیز کپتان اے بی ڈیویلیئرز نے میگا ایونٹ میں 96.40کی اوسط سے 482رنز جوڑ کر تیسری پوزیشن اپنے نام کی جس میں 3نصف سنچریز اور 1سنچری شامل تھی ۔ باؤلنگ کے شعبے میں آسٹریلیا کے مچل سٹارک نے سب کو آؤٹ کلاس کر تے ہوئے 8اننگز میں 10.18کی اوسط سے 22حریف بلے بازوں کو پوویلین واپس بھیجا ، نیوزی لینڈکے ٹرینٹ بولٹ نے بھی 22وکٹیں حال کیں لیکن انہیں فی وکٹ 16.86رنز دیناپڑے ، حیران کن طور پر اس فہرست میں تیسرا نمبر بھارت کے امیش یادو کا رہا جنہوں نے 17.83کی اوسط سے 18شکار کیے ۔