وہاب نے ورلڈ کپ کا بہترین سپیل کرایا، سچن ٹنڈولکر

اتوار 29 مارچ 2015 21:41

وہاب نے ورلڈ کپ کا بہترین سپیل کرایا، سچن ٹنڈولکر

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔29مارچ۔2015ء) انڈیا کے لیجنڈ بلے باز سچن ٹنڈولکر نے آسٹریلیا کے خلاف وہاب ریاض کے جارحانہ چھ اوورز کو کرکٹ ورلڈ کپ کا بہترین سپیل قرار دیا ہے۔ ٹنڈولکر نے میگا ایونٹ میں شاندارباؤلنگ سپیل کرنے پر پاکستانی پیسر کی تعریف کی۔ ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے کواٹر فائنل میں بائیں بازو سے باؤلنگ کرنے والے وہاب نے ڈیوڈ وارنر اور مائیکل کلارک کو اوپنگ سپیل میں پویلین کی راہ دکھائی تھی۔

وہاب شین واٹسن کو تیز باؤنسرز اور جارحانہ باڈی لینگوئج سے پریشان کرنے کے بعد آؤٹ کرنے کے قریب پہنچ گئے تھے لیکن راحت علی نے فائن لیگ پر واٹسن کا ایک آسان کیچ ڈراپ کر دیا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ساتھ ایک انٹرویو میں ورلڈ کپ کے سفیر ٹنڈولکر نے کہا 'وہاب ریاض کا سپیل یقیناً پورے ایونٹ میں سب سے اعلی اور منفرد تھا'۔

(جاری ہے)

'انہوں نے اس سپیل میں بہت زیادہ وکٹیں تو نہیں لیں لیکن ان کی باؤلنگ دیکھنے لائق تھی۔

میرے لیے یہ ورلڈ کپ کا سب سے بہترین سپیل تھا اور اس طرح کی پرفارمنس عمر بھر آپ کے ساتھ رہتی ہے'۔ ٹنڈولکر نے انٹرویو کے دوران چھ ہفتوں پر مشتمل ٹورنامنٹ میں کئی دوسری متاثر کن انفرادی پرفارمنسز کا ذکر کرتے ہوئے مارٹن گپٹل، کرس گیل، ٹرینٹ بولٹ، ٹم ساؤتھی، اے بی ڈی ولئیرز، مچل سٹارک اور کمار سنگاکارا کی تعریف بھی کی۔ 41 سالہ ٹنڈولکر نے کہا 'ہم سب ان کھلاڑیوں کی کارکردگی سے محضوظ ہوئے۔ آپ پندرہ سال بعد بھی ان اننگز اور سپیلز کا ذکر کرتے رہیں گے'۔