پی آئی اے کے عملے کے خلا ف سخت اقدامات کیے جائیں گے، ذرائع،

پی آئی اے کیبن عملے کی مبینہ سرگرمیوں کا وزیراعظم پاکستان نے بھی نوٹِس لیا ہے،پورے معاملے پر انتہائی ناگواری کا اظہار کیا ہے، ترجمان پی آئی اے

اتوار 29 مارچ 2015 22:48

پی آئی اے کے عملے کے خلا ف سخت اقدامات کیے جائیں گے، ذرائع،

کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار29مارچ ۔2015ء) پی آئی اے انتظامیہ نے لندن کے ہیتھرو ائیر پورٹ کی بارڈر فورس کے اقدام کا بہت سنجیدہ ردِّعمل ظاہر کیا ہے جس کے تحت اس نے مبیّنہ طور پر پی آئی اے کو برطانوی قوانین کی خلاف ورزی پر انتباہ کیا ہے۔ پی آئی اے کیبن عملے کی مبینہ سرگرمیوں کا وزیراعظم پاکستان نے بھی نوٹِس لیا ہے اور اس پورے معاملے پر انتہائی ناگواری کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ مُلک کو بدنام کرنے والی مذکورہ غیر قانونی سرگرمیوں کے مرتکب افراد کے خلاف تمام ممکنہ کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ضمن میں ماضی میں ہونے والے واقعات کی بھی تحقیقات کی جائیں اور ان پر مقدمہء فوجداری نافذ کیا جائے۔چیئرمین پی آئی اے نے اس واقعے پر بہت سخت ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے ملوّث شخص کو ملازمت سے برطرف کردیا ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں، اس سلسلے میں ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ہیتھرو ائیر پورٹ کی بارڈر فورس نے کہا ہے کہ پی آئی اے کے کیبن عملے کے کچھ ارکان محصولات سے مستثنیٰ اشیاء کے ضمن میں برطانیہ میں مجاز رعایت سے زیادہ مالیت کی ممنوعہ اشیاء لے جانے میں ملوّث ہیں۔انتظامیہ نے ماضیِ قریب میں ہونے والے اس نوعیت کے تمام واقعات کی تفتیشِ نَو کی ہدایات جاری کردی ہیں اور ملوّث افراد کو نہ صرف عبرتناک سزا دی جائے گی بلکہ ملازمت سے برطرف کر کے اُن کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کی جائے گی۔

پی آئی اے اس معاملے میں قطعی عدم برداشت کا مظاہرہ کرے گی۔ اس واقعے کے پیشِ نظر پی آئی اے انتظامیہ نے اضافی اقدام اُٹھائے ہیں جن سے پاکستان میں روانگی کے تمام مقامات پر عملے کی تفتیش کا سخت عمل نافذ کردیا گیا ہے ۔ اِسی طرح اگر عملے کا کوئی رکن پاکستان واپسی پر بھی قانون کی خلاف ورزی میں ملوّث پایا گیا تو اُس کے ساتھ سخت انداز میں نمٹا جائے گا۔

واقعے پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے پی آئی اے کے ترجمان حنیف رانا نے کہا کہ حکومت اور پی آئی اے میڈیا میں آنے والی تمام خبروں سے مکمل طور پر واقف ہے اور اس ضمن میں مطلوبہ سخت اقدامات اُٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا:” پی آئی اے کسی قیمت پر کوئی نرمی نہیں برتے گی اور جس بھی مُلک پی آئی اے جاتی ہے وہاں کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے عملے کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔“انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے کے عملے کے تمام ارکان کو ادارے کے زیرِ غور سخت اقدامات سے مطّلع کردیا گیا ہے ۔