پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور ترکی کے ادارہ ایٹوہم کے مابین سرمایہ کاری کا باہمی معاہدہ ،

چیئرمین پی آئی ٹی بی ڈاکٹر عمر سیف اور ایٹوہم کے سربراہ مسٹر براک بیوک ڈیمر نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے

اتوار 29 مارچ 2015 23:31

لاہورِ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار29مارچ ۔2015ء ) پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ ترکی ادارہ ای ٹوہم کے ساتھ شراکتی معاہدہ سے ہمارا تربیتی پروگرام پلان x مزید مضبوط ہو گا اور پاکستان کے نوجوان کاروباری افراد کو تربیت کے بہترین مواقع بھی میسر آئیں گے۔وہ گذشتہ روز اپنے دفتر میں ایٹوہم کے سربراہ مسٹر براک بیوک ڈیمر کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر رہے تھے۔

ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ چند سال سے پاکستان میں پلان9 اور پلانXجیسے پلیٹ فارم نوجوانوں کو اپنا ذاتی کاروبار شروع کرنے کے لئے تربیت دینے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف روزگار کے مواقع بڑھے ہیں بلکہ بیرونی سرمایہ کاری اور زرمبادلہ میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ ایٹوہم کی سرمایہ کاری سے ہمارے تربیتی پروگرام کا دائرہ ء کار وسیع ہو گا اورہمارے نوجوان جدیدتربیت، ٹیکنالوجی اور تجربہ کے باہمی تبادلے سے مستفید ہو سکیں گے۔

مسٹر براک نے بھی معاہدے کو خوش آئیند قرار دیتے ہوئے بتایا کہ ایٹوہم ہر سال40 سٹارٹ اپ منتخب کرتا ہے اور انہیں کاروبار شروع کرنے، انٹرنیٹ کے استعمال اور دیگر تمام رموز کی تربیت فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کی جانب سے پی آئی ٹی بی کے اس منصوبے میں سرمایہ کاری سے نوجوانوں کو سیکھنے کے نئے مواقع میسرآئیں گے۔