چیئر مین پی سی بی نے اظہر علی کو ون ڈے کا کپتان ، ہارون رشید کو چیف سلیکٹر مقرر کر دیا

پیر 30 مارچ 2015 17:49

چیئر مین پی سی بی نے اظہر علی کو ون ڈے کا کپتان ، ہارون رشید کو چیف سلیکٹر ..
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار30مارچ ۔2015ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے اظہر علی کو ون ڈے ٹیم کا کپتان اور ہارون رشید کو سلیکشن کمیٹی کا سربراہ مقرر کر دیا ہے ۔ پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے شہریار خان کا کہنا تھا کہ ٹیم کا کپتان چننا ان کا صوابدیدی اختیار تھا ، ہم نے پینٹنگولر کپ میں دیکھا تھا کہ اظہر علی اچھے بلے با ز اور لیڈ رہیں اور اسی لیے انہیں ون ڈے کرکٹ کی کپتانی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے،مجھ سے چار سے پانچ لڑکوں کو کپتان بنانے کی سفارش بھی کی گئی تاہم میں نے اظہر پر اعتما د کیا، ان کی کپتانی کی کوئی مخصوص مدت نہیں ہے ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سرفراز احمد ون ڈے اور ٹی ٹونٹی میں ٹیم کے نائب کپتان رہیں گے جب کہ ٹیسٹ میں مصباح کے نائب کے فرائض اظہر علی سر انجام دیں گے ۔

(جاری ہے)

شہریار خان کے مطابق بورڈ موجودہ دور کی کرکٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے لوگوں کو سلیکشن کمیٹی میں شامل کر نا چاہتا تھا جنہیں جدید کرکٹ کا تجربہ ہو ،ہارون رشید ایک محنتی اور ایماندار آدمی ہیں اور اسی لیے انہیں چیف سلیکٹر بنایا گیا ہے جبکہ باقی سلیکٹرز میں سلیم جعفر ، کبیر خان اور اظہر خان شامل ہیں،سلیکشن میں کوئی کوٹا سسٹم نہیں ہوگا اور ٹیم میرٹ پر چنی جائے گی، ٹیم سلیکشن میں کوچ اور کپتان کی رائے ضرور لی جائے گی تاہم حتمی فیصلہ سلیکشن کمیٹی کا ہی ہوگا ۔

شہریار خان نے مصباح الحق اور شاہد آفریدی کو نوجوانوں کے لیے رول ماڈل قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو ان سے سیکھنا چاہیئے ، مصباح ٹیسٹ کرکٹ اور شاہد آفریدی ٹی ٹونٹی میں ٹیم کی کپتانی کریں گے،ہمیں مصباح اور آفریدی کی ضرورت ہمیشہ رہے گی ۔ چیئر مین پی سی بی کے مطابق یونس خان کا ریٹائرمنٹ نہ لینے کا فیصلہ خوش آئند ہے وہ ایک اچھے شخص ہیں اور اب بھی ون ڈے ، ٹی ٹونٹی اور ٹیسٹ کرکٹ میں ٹیم کی نمائندگی کر نے کے لیے تیارہیں ۔

معین خان کے بارے میں چیئر مین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ان سے کراچی میں ملاقات ہوئی تھی جہاں انہیں بتا دیا تھا کہ فی الحال بورڈ کے سیٹ اپ میں ان کی کوئی جگہ نہیں ہے ۔ یاد رہے کہ اظہر علی کو ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا تھا اور انہیں کپتان بنوانے میں ہیڈ کوچ وقار یونس کا بڑا ہاتھ ظاہر کیا جارہا ہے جو ممکنہ طور پر سرفراز احمد کو کپتانی سے دور رکھنا چاہتے تھے ۔
چیئر مین پی سی بی نے اظہر علی کو ون ڈے کا کپتان ، ہارون رشید کو چیف سلیکٹر ..

متعلقہ عنوان :