اسرائیل اور امریکا نے مشرقی وسطیٰ میں فرقہ واریت کی آگ بھڑکائی‘افتخار حسین،

یمن میں امن قائم کرنے کیلئے مسلم ممالک کے حکمران سعودی عرب اور ایران کو ایک پیج پر لا ئیں‘صحافیوں سے گفتگو

پیر 30 مارچ 2015 23:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء ) ہیومن رائٹس ویلفےئر فورم کے صدر افتخار حسین نے کہا ہے کہ اسرائیل اور امریکا سمیت دیگر اسلام دشمن قوتوں نے یمن میں اپنے ایجنٹوں کے ذریعے امت مسلمہ کو فرقہ واریت کی آگ میں دکھیل دیا ہے،اسلام دشمن قوتوں نے ہمیشہ مسلمانوں کو تقسیم کر کے مسلمانوں کے ہاتھوں مسلمانوں کا قتل عام کروایا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کو میدان جنگ بنانا اسرائیلی اور امریکی پالیسی کا حصہ ہے،اسلام دشمن قوتیں اسلامی ممالک میں انتشار بڑھا کر وسطیٰ ایشیاء کی دوبارہ نقشہ بندی کرنے کی کوششیں کر رہی ہیں جس کا بنیادی مقصد مسلم ممالک کو چھوٹے چھوٹے حصوں میں تقسیم کر کے کمزور کرنا ہے تا کہ وہ مستقبل میں اسرائیل کیلئے چیلنج نہ بن سکیں لہذا مسلم ممالک کے حکمران اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں کو سمجھیں اور اپنے اتحاد کو مضبوط بنائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسرائیل امریکا اور دیگر اسلام دشمن قوتوں نے طالبان اور القاعدہ کے بعد داعش جیسی دہشت گرد تنظیم کو قائم کیا ہے جو امت مسلمہ کے خلاف گہری سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت مشرقی وسطیٰ کے جھگڑے میں نہ پڑے بلکہ غیر جانبدار رہتے ہوئے یمن کے بحران کے حل کے حوالے سے سعودی عرب اور ایران کو ایک پیج پر لائے کیونکہ جب تک یہ دونوں ممالک ایک پیج پر نہیں آئیں گے یمن میں امن کا قیام ممکن نہیں ہو سکتاہے۔

متعلقہ عنوان :