پنجاب حکومت کے سپیشل ایجوکیش سنٹر فیروز والا میں ریزلٹ و تقسیم انعامات کی تقریب،

مہمان خصوصی رکن پنجاب اسمبلی پیر اشرف رسول تھے،ہونہار طالب علم اسرار حیدر نے تیسری پوزیشن حاصل کی

پیر 30 مارچ 2015 23:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء) پنجاب حکومت کے سپیشل ایجوکیش سنٹر فیروز والا میں ریزلٹ و تقسیم انعامات کی تقریب منعقد ہوئی جس میں طلباء طالبات اور انکے والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مقامی شادی ہال میں ہونے والی تقریب میں رکن پنجاب اسمبلی پیر اشرف رسول،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سپیشل ایجوکیشن شہزاد ہارون بھٹہ،ٹی ایم او فیروز والا احسن عنایت سندھو،سکول ٹیچرز مس ثمینہ مریم،مس نجف ناز زہراء و دیگر نے پوزیشن ہولڈرز طلباء طالبات میں انعامات تقسیم کئے۔

ہونہار طالب علم اسرار حیدر نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ اس موقع پر سکول کا سٹاف بھی موجود تھا۔خصوصی بچوں سے اس موقع پر ٹیبلو بھی پیش کئے۔سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے بچوں کی یاد میں بھی ایک ٹیبلو پیش کر کے خصوصی بچوں نے یہ پیغام دیا کہ دہشت گردی انکی تعلیم کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی،سانحہ پشاور کے حوالہ سے ٹیبلو کو حاضرین نے پسند کیا اور طلباء کو خوب داد دی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن پنجاب اسمبلی پیر اشرف رسول نے کہا کہ سپیشل بچے خصوصی صلاحیتوں کے مالک ہوتے ہیں، اساتذہ ان صلاحیتوں کو بہتر طریقے سے اجاگر کریں گے تو یہ معاشرے کی بہتری کے لئے کردار ادا کرسکتے ہیں۔انہوں نے پوزیشن ہولڈر و دیگر پاس ہونے والے طلباء طالبات کو مبارکباد دی۔مس نجف ناز زہراء ،مس ثمینہ مریم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیروز والا میں پنجاب حکومت کا چلنے والا سینٹر قابل تعریف ہے اور ترقی کی راہ پر گا مزن ہے۔

سپیشل بچے بھی اسی طرح آنکھوں کے تارے ہیں جس طرح ہمارے نارمل بچے ہیں لیکن ان کوسپیشل بچے کہہ کر جان نہیں چھڑائی جاسکتی ہمیں ان کی کفالت کرنا ہوگی تاکہ یہ نارمل زندگی گزارسکیں۔ گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سینٹر کی ہیڈ مسٹریس نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔