برائن لارا نے وہاب ریاض کی پاکستان آنے کی دعوت قبول کرلی

منگل 31 مارچ 2015 12:11

برائن لارا نے وہاب ریاض کی پاکستان آنے کی دعوت قبول کرلی

میلبورن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31مارچ۔2015ء) عظیم ویسٹ انڈین بلے باز برائن لارا نے پاکستانی فاسٹ باؤلر وہاب ریاض کی پاکستان آنے کی دعوت قبول کرلی۔ایک انٹرویو میں برائن لارا نے وہاب ریاض کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاہے کہ میں وہاب کے اسپیل کو کبھی نہیں بھول سکتا۔برائن لارا نے ازراہ مذاق کہا کہ میں پاکستانی ایئر لائن سے سفر کروں گا یا کسی اور ایئر لائن کا ٹکٹ آرہا ہے۔

میرے بہت سارے دوست پاکستان میں رہتے ہیں میں پاکستان جاکر خوشی محسوس کروں گا۔برائن لارا نے کہا کہ ایڈیلیڈ میں وہاب ریاض نے آسٹریلیا کے خلاف جو بولنگ اسپیل کرایا تھا اس نے مجھے بے حد متاثر کیا تھا۔میں نے ٹوئیٹر پر اپنے اکاؤنٹ میں وہاب ریاض کے لئے پیغام چھوڑا تھا کہ وہاب ریاض نے شائد دیکھا نہیں۔

(جاری ہے)

اس لئے اس نے مجھے ابھی تک جواب نہیں دیا ہے۔

برائن لارا نے کہا کہ میں کئی بار پاکستان جاچکا ہوں اور میری پاکستان سے خوشگوار یادیں وابستہ ہیں۔اس لئے مجھے جب بھی بلایا گیا میں پاکستان جانا پسند کروں گا۔ پاکستان میں میرے پرستاروں کی بڑی تعداد ہے اور مجھے1996کے ورلڈ کپ کوارٹر فائنل میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جنوبی افریقا کے خلاف سنچری آج بھی یاد ہے۔مجھے فرصت ملی اور باضابطہ دعوت آئی تو میں پاکستان ضرور جاؤں گا۔پاکستان میں بدقسمتی سے انٹر نیشنل کرکٹ نہیں ہورہی ہے۔لیکن میری نیک خواہشات پاکستان کے ساتھ ہیں کہ پاکستان میں جلد انٹر نیشنل کرکٹ واپس آئے۔

متعلقہ عنوان :