افغانستان معاملے میں پڑنے کے باعث بہت بھگت چکے ہیں ‘ پاکستان یمن کے اندرونی معاملات میں دخل نہ دے‘ پاکستان کو مسلم ممالک میں اتحاد کیلئے مہم چلانی چاہئے‘ تمام ممالک کو یمن کی سرحد کا احترام کرنا چاہئے‘ بلال زرداری ذوالفقار بھٹو کی برسی پر جلسہ سے ٹیلی فونک خطاب کرینگے‘ دو دو سرکاری نوکریاں کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 1 اپریل 2015 13:40

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ افغانستان کے معاملے پر پڑنے کے باعث بہت بھگت چکے ‘ پاکستان یمن کے اندرونی معاملات میں دخل نہ دے‘ پاکستان کو مسلم ممالک میں اتحاد کیلئے مہم چلانی چاہئے‘ تمام ممالک کو یمن کی سرحد کا احترام کرنا چاہئے‘ بلال زرداری ذوالفقار بھٹو کی برسی پر جلسہ سے ٹیلی فونک خطاب کرینگے‘ دو دو سرکاری نوکریاں کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی۔

وہ بدھ کو سکھر میں ڈپٹی کمشنر آفس میں کمپیوٹرائزڈ ڈومیسائل سنٹر کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کمپیوٹرائزڈ ڈومیسائل کے قیام سے بدعنوانی کا خاتمہ ہوگا جعلی ڈومیسائل اور پی آر سی اب سے نہیں بن سکے گا شہری ایک گھنٹے میں ڈومیسائل حل کرسکیں گے۔

(جاری ہے)

آج پاکستان کا منفرد پراجیکٹ سکھر میں پیش کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دو دو سرکاری نوکریاں کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی ان کیلئے بہتر ہے کہ وہ خود ہی استعفیٰ دے دیں۔ خورشید شاہ نے کہا کہ کسی معاملے میں ٹانگ اڑانے کے مخالف ہیں افغانستان کے معاملے میں پڑنے کے باعث بہت بھگت چکے ہیں پاکستان کو یمن کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہئے۔ شام کے معاملے پر بھی ہم نے کہا تھا کہ پاکستان غیر جانبدار رہے سعودی عرب اور یمن کی سرحدوں کا احترام کیا جائے مسلم ممالک کو اتحاد کی ضرورت ہے۔ پاکستان کو مسلم ممالک میں اتحاد کیلئے مہم چلانی چاہئے۔