سچن ٹنڈولکر کو بھارتی ٹیم کا ہیڈ کوچ بنانے کی خبر’’ اپریل فول ‘‘نکلی

بدھ 1 اپریل 2015 15:38

سچن ٹنڈولکر کو بھارتی ٹیم کا ہیڈ کوچ بنانے کی خبر’’ اپریل فول ‘‘نکلی
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخباریکم اپریل ۔2015ء )سابق بھارتی کپتان سچن ٹنڈولکر کو ٹیم کا ہیڈ کو چ بنائے جانے کی خبر ’’ اپریل فول ‘‘ نکلی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہندوستانی میڈیاسمیت دنیا بھر میں اس وقت ہلچل مچ گئی تھی جب یہ خبر سامنے آئی کہ عظیم بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر کو ٹیم کا کوچ بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

سچن کی بحیثیت کوچ تقرری کے حوالے سے بی سی سی آئی کی ایک پریس ریلیز بھی سامنے آئی لیکن تمام ہی حلقوں کو اس وقت شدید دھچکا لگا جب یہ پتہ چلا کہ یہ خبر جعلی ہے جس کے ذریعے ہندوستانی عوام کو ’اپریل فول‘ بنایا گیا۔

اس خبر کے جعلی ثابت ہونے سے قبل فیس بک اور ٹوئٹر پر اس کے خوب چرچے رہے۔ اس سے قبل رپورٹ کیا گیا تھا کہ بی سی سی آئی سچن سے تین سالہ معاہدے پر رضامند ہو گئی ہے اور انہیں فلیچر کی جگہ نیا کوچ بنایا جا رہا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ یہ فیصلہ سری نواسن، روی شاستری، دھونی اور ویرات کوہلی کی مشاورت سے کیا گیا تھا۔ اس جعلی پریس ریلیز میں بی سی سی آئی صدر جگموہن ڈالمیا اور ہندوستانی ٹیم کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی کے تبصرے بھی موجود تھے۔