پی سی بی نے نشریاتی حقوق ٹین اسپورٹس اور پی ٹی وی اسپورٹس کو فروخت کر دیئے

بدھ 1 اپریل 2015 16:48

پی سی بی نے نشریاتی حقوق ٹین اسپورٹس اور پی ٹی وی اسپورٹس کو فروخت کر ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے نشریاتی حقوق غیر ملکی اسپورٹس چینل ٹین اسپورٹس اور سرکاری ٹی وی چینل پی ٹی وی اسپورٹس کو 5 سال کے لئے فروخت کر دیئے۔ گورننگ بورڈ اجلاس میں پاکستان سپر لیگ آئندہ سال کروانے کا حتمی فیصلہ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کا اجلاس نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہوا۔

اجلاس کی صدارت چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کی۔اجلاس میں کراچی ریجن کے صدر اعجاز فاروقی اور اقبال قاسم کے علاوہ تمام ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس میں پی سی بی کے نشریاتی حقوق غیر ملکی اسپورٹس چینل ٹین اسپورٹس اور سرکاری پی ٹی وی اسپورٹس کو پانچ سال کے لئے فروخت کئے گئے ہیں۔گورننگ بورڈ اجلاس میں پی سی بی کی طرف سے فیصل آباد اور راولپنڈی میں نئی کرکٹ اکیڈمیاں بنانے جبکہ ملتان اور کراچی کی اکیڈمیز کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے ارکان کو آئی سی سی کے ایسوسی ایٹ ممالک ہالینڈ، آئر لینڈ، نیپال اور دیگر ٹیموں کو رواں سال پاکستان بلانے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے بورڈ ارکان کو بتایا کہ پی سی بی کی طرف سے پاکستان سپر لیگ کے لئے بنائی جانے والی کمیٹی اپنا کام کر رہی ہے اور پی ایس ایل آئندہ سال اپنے مقررہ وقت پر ہوگی۔ شہریار خان نے بورڈ ارکان کو تینوں فارمیٹ کے کپتانوں اور نائب کپتانوں کے ساتھ ساتھ سلیکشن کمیٹی کی تعیناتیوں کے طریقہ کار سے بھی آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :