شہری پودوں کی نگہداشت اپنے بچوں کی طرح کریں‘ ملک تنویر اسلم اعوان

مخیر حضرات اپنے والدین اور بز رگوں کے نام کے پودے لگائیں‘ صوبائی وزیر کا خطاب

بدھ 1 اپریل 2015 18:10

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء) صوبائی وزیر ہاؤسنگ ، تعمیرات و مواصلات ملک تنویر اسلم اعوان نے کہا ہے کہ شہری پودوں کی نگہداشت اپنے بچوں کی طرح کریں، مخیر حضرات اپنے والدین اور بز رگوں کے نام کے پودے لگائیں ، پودے لگانا کافی نہیں اصل کام ان کی حفاظت ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گلاب کے پھولوں کی نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی خواہش ہے کہ لاہور کو پھولوں کا شہر بنایا جائے جس کے لئے پی ایچ اے کو خطیر رقم بھی فراہم کر دی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا صرف لاہور ہی نہیں خوبصورت پھولوں کی نمائش پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی کی جائے گی اور ہر علاقے میں سبز بیلٹ تعمیر ہو گی۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم میں سے ہر فرد کو اپنے بزرگوں اور والدین کے نام کے پودے لگانا چاہیئں جب تک وہ پودے سایہ ، پھل یا پھول دیتے رہیں ان کا ثواب ان بزرگوں کو پہنچتا رہے گا جن کے نام کے پودے لگائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ جیلانی پارک میں 250 اقسام کے گلاب کے پھولوں کی نمائش کی گئی ہے جو پہلی مرتبہ منعقد ہوئی ہے جسے عوام کی بڑی تعداد دیکھنے آرہی ہے ۔ صوبائی وزیر نے شہر کو خوبصورت بنانے اور پودوں کی اقسام اکٹھی کرنے اور نمائش کا اہتمام کرنے والے افسران اور اہلکاروں میں نقد رقوم اور شیلڈ پیش کی۔ اس موقع پر پی ایچ اے کے ڈی جی شکیل احمد نے صوبائی وزیر کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی ۔

متعلقہ عنوان :