پنجاب یونیورسٹی میں پاکستان کے سب سے بڑے کتاب میلے کا افتتاح آج ہوگا

تقریب صبح 10بجے منعقد کی جائیگی ، قائم مقام گورنرپنجاب رانا محمد اقبال مہمان خصوصی ہوں گے

بدھ 1 اپریل 2015 18:21

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء) پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ اپنی شاندار روایات کو برقرار رکھتے ہوئے اس سال بھی پاکستان کے سب سے بڑے تین روزہ کتاب میلے کا انعقاد کرے گی۔ اس سلسلے میں افتتاحی تقریب آج ( جمعرات )صبح 10بجے اداروہ تعلیم و تحقیق کی راہداری میں منعقد کی جائے گی جس میں پنجاب کے قائم مقام گورنر /چانسلر پنجاب یونیورسٹی رانا محمد اقبال مہمانِ خصوصی ہوں گے۔

(جاری ہے)

پنجاب یونیورسٹی چیف لائبریرین حسیب احمد پراچہ کے مطابق رواں برس کتاب میلہ میں ملک بھر کے نامور پبلشرز ، بک سیلرز و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ادارے اپنے سٹالز لگائیں گے جہاں طلبہ، اساتذہ اور دیگر مہمانوں کو اعلی اور معیاری کتب رعایتی قیمتوں پر دستیاب ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ کتاب میلے کے کامیاب انعقاد کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کارلائے جائیں گے تاکہ کمپیوٹر اور ٹیکنالوجی کے اس جدید دور میں اساتذہ، طلبہ، اور عوام میں کتاب دوستی کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کتاب میلے میں ماضی میں کتب کی فروخت کے نئے ریکارڈ قائم ہو چکے ہیں۔