پنجاب ایگزامینیشن کمیشن طلبہ کے مستقبل سے ”کھلواڑ“ کر رہا ہے،جس سے محکمہ تعلیم پر کروڑوں روپے نااہلی کی نذر ہو رہے ہیں ‘پنجاب ایگزامینیشن کمیشن کی نااہلی سے پنجم اور ہشتم کے سالانہ امتحانات میں بد نظمی ہوئی

پنجاب اسمبلی میں حکومتی رکن امجد علی جاوید کا پنجاب اسمبلی میں تحریک التواء پیش کرتے ہوئے اظہارخیال

بدھ 1 اپریل 2015 19:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء) پنجاب اسمبلی میں حکومتی رکن امجد علی جاوید نے کہا ہے کہ پنجاب ایگزامینیشن کمیشن طلبہ کے مستقبل سے ”کھلواڑ“ کا کھیل کھیل رہا ہے اور سرکاری خزانے سے محکمہ تعلیم پر کروڑوں روپے نااہلی کی نذر ہو رہے ہیں ‘پنجاب ایگزامینیشن کمیشن کی نااہلی سے پنجم اور ہشتم کے سالانہ امتحانات میں اغلاط اور بد نظمی ہوئی ۔

بدھ کو پنجاب اسمبلی میں اپنی تحریک التواء پیش کرتے ہوئے حکومتی رکن امجد علی جاوید نے کہاکہ صوبہ بھر میں آٹھویں جماعت کے پرچوں کی مارکنگ روک دی گئی اور پنجاب ایگزامینیشن کمیشن کے زیر انتظام پنجم اور ہشتم کے سالانہ امتحانات میں متعدد اغلاط اور بد نظمی ہوئی لیکن جیسے ہی مارکنگ کا کام شروع ہوا جس پر میڈیا کا مارکنگ سنٹروں میں داخلہ رو ک دیا گیااور دوسرے مارکنگ سنٹروں میں تعینات عملے کو مارکنگ بھی روکنا پڑگئی کیونکہ پہلے تو انگریزی کے پرچے کی جوابی ”کی “ ہی غلط بھیج دی اور اب اردو اور اسلامیات کے پرچوں کی جوابی ” کی“ ابھی تک فراہم نہیں کی گئی جس کی وجہ سے مارکنگ نہیں ہو رہی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سیکرٹری ایجوکیشن پنجاب نے پنجاب ایگزامینیشن کمیشن کے امتحانی نظام میں بد نظمی کو تسلیم کرتے ہوئے پنجم، ہشتم کے تمام طلباء کو پاس کرنے کی یقین دہانی کروا دی ہے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ نا اہل منتظمین کی وجہ سے نہ صرف بچوں کے مستقبل سے کھلواڑ ہو رہا ہے بلکہ سرکاری خزانے کے کروڑ روپے جو اس نظام کو چلانے کیلئے خرچ کئے جا رہے ہیں وہ ضائع ہو رہے ہیں اور اس صورتحال سے بچوں، والدین اور عوامی حلقوں میں شدید بے چینی ، اضطراب اور غم و غصہ پایا جاتا ہے لہٰذا استدعا ہے کہ میری تحریک کو باضابطہ قرار دے کر اس پر ایوان میں بحث کی اجازت دی جائے ۔